ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیو سینا میں بغاوت جاری، 12 اراکین پارلیمنٹ کےعلاحدہ گروپ نےوزیر اعلیٰ شندے کی قیادت میں لوک سبھا اسپیکر سے کی ملاقات

شیو سینا میں بغاوت جاری، 12 اراکین پارلیمنٹ کےعلاحدہ گروپ نےوزیر اعلیٰ شندے کی قیادت میں لوک سبھا اسپیکر سے کی ملاقات

Wed, 20 Jul 2022 11:36:19    S.O. News Service

ممبئی، 20؍ جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹرا میں شیو سینا میں جاری سیاسی بحران اور مسلسل بغاوت  پر سپریم کورٹ میں بدھ کو سماعت سے قبل ہی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  کے گروپ نے مزید توڑ پھوڑ مچائی ہے۔ اس مرتبہ ان کے خیمے میں شیو سینا کے اراکین پارلیمان بھی آگئے ہیں۔ شیو سینا پر دعویٰ کرتے ہوئے شندے گروپ نے ۱۲؍ممبران پارلیمنٹ کو لوک سبھا اسپیکر کے سامنے پیش کیا ہے۔ اس دوران شندے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں شیوسینا کے ۱۹؍ میں سے ۱۸؍اراکین پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ اس تعلق سے پارٹی کے ان اراکین پارلیمنٹ  نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط بھی لکھا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہی اصل شیو سینا ہیں اوررکن پارلیمنٹ راہل شیوالے کو ان کا لیڈر نامزد کیا جائے۔ ساتھ ہی چیف وہپ کے طور پر بھائونا گائولی کو برقرار رکھا جائے۔   یاد رہے کہ اس سے قبل ادھو کیمپ نے اسپیکر کو خط لکھ کر رچنا وچارے کو چیف وہپ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

  اس سے قبل ایکناتھ شندے منگل کی صبح دہلی پہنچے تھے۔  انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور اس کے بعد وہ سیدھے لوک سبھا اسپیکر کے پاس گئے۔ یہاں انہوں نے اپنا دعویٰ پیش کیا کہ اصل شیو سینا وہی ہیں اور انہیں پارٹی کا لیڈر تسلیم کیا جائے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نہ ان اراکین نے کوئی بغاوت کی ہے اور نہ پارٹی تبدیل کی ہے بلکہ پارٹی کے تمام ۱۹؍ ایم پیز میں سے ۱۸؍ ان کے ساتھ ہیں۔اس لئے شیو سینا کے اس گروپ کو پارلیمنٹ میں اصل گروپ تسلیم کیا جائے اور راہل شیوالے کوگروپ لیڈر نامزد کیا جائے۔اس دعوے نے ادھو خیمے میں ہلچل مچادی ہے اور اس نے بھی اپنی حکمت عملی تیار کرنا شروع کردیا ہے۔ 

 شیو سینا کے باغی خیمے سے جو خط اسپیکر کو لکھا گیا ہے اس پر ۱۲؍ اراکین پارلیمنٹ کے دستخط ہیں جبکہ دعویٰ ۱۴؍ کا کیا جارہا ہے۔ شندے کیمپ کا کہنا ہے کہ باقی دو اراکین بھی جلد ہی اپنی حمایت کا اعلان کردیں گے ۔ اس تعلق سے گفتگو جاری ہے جبکہ بقیہ  ۴؍  اراکین پارلیمان بھی جلد ہی اس خیمے میں آجائیں گے ۔ 

  اطلاعات یہ بھی ہیں کہ ایکناتھ شندے اپنے کیمپ کے لیڈروں کو الیکشن کمیشن لے جائیں گے جہاں وہ شیوسینا پر دعویٰ کریں گے۔ کمیشن سے اس تعلق سے جلد ہی وقت لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شندے گروپ کی یہ تمام تیاری سپریم کورٹ میں اپنا موقف مزید مضبوط کرنے کیلئے بتائی جارہی ہے تاکہ بدھ کو ہونے والی سماعت میں کوئی غیرمتوقع  اور شدید جھٹکا دینے کا فیصلہ نہ ہو ۔

  اس درمیان مرکزی حکومت نے ۱۲؍  اراکین  پارلیمنٹ کو وائی پلس سیکوریٹی دی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ سیکوریٹی انہیں جان کے خطرے اور دیگر خطرات کے پیش نظر دی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے ممبئی میں راہل شیوالے کے مکان کے باہر زائد پولیس فورس تعینات کر دی گئی تھی جبکہ دیگر لیڈران کو بھی اسی طرح سے سیکوریٹی دی جائیگی۔

  یاد رہے کہ اس وقت پارلیمنٹ میں شیوسینا کے ۱۹؍ اراکین ہیں جن میں سے ۱۲؍ کے تعلق سے یہ تقریباً طے ہو گیا ہے کہ وہ شندے کیمپ میں ہیں۔ اس تعلق سے شندے کیمپ کے ترجمان اور رکن اسمبلی دیپک کیسرکر نے کہا کہ شیو سینا کے تمام اراکین پارلیمنٹ ، صرف ایک کو چھوڑ کر ہمارے رابطے میں ہیں اور جلد ہی ان سبھی کی جانب سے اعلان کردیا جائے گا۔ دیکپ کیسرکر نے یہ بھی واضح کرنے کی کوشش کی کہ ادھو ٹھاکرے اب بھی ان کی پارٹی کے لیڈر ہیں اور وہ ان کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ ادھر بھائونا گائولی نے شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو خط لکھا ہے جس میں ان ایم ایل ایز کیخلاف نرمی کی درخواست کی گئی ہے جنہوں نے ان کے خلاف بغاوت کی ۔

  دیپک کیسر کر اور دیگر باغی لیڈران نے شیو سینا میں پھوٹ کے لئےبی جے پی کو نہیں بلکہ این سی پی سربراہ شرد پوار کو ذمہ دا ٹھہرانے کی کوشش کی ۔ کیسرکر نے کہا کہ ماضی میں بھی شرد پوار شیو سینا کو تقسیم کرنے کی کوشش کرچکے ہیں اور اب بھی کررہے تھے اس لئے ہم نے معاملات اپنے ہاتھ میں لئے۔


Share: