ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / شام میں کیمیائی حملہ، سلامتی کونسل میں مذمتی قرارداد ملتوی

شام میں کیمیائی حملہ، سلامتی کونسل میں مذمتی قرارداد ملتوی

Thu, 06 Apr 2017 16:39:36    S.O. News Service

دمشق،6اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عالمی سلامتی کونسل نے شام کے ادلب شہر کے نواحی علاقے خان الشیخون میں حال ہی میں ایک خوفناک کیمیائی حملے کی مذمت کی قرارداد پر رائے شماری ملتوی کردی گئی ہے۔ سلامتی کونسل میں ادلب میں کیمیائی حملے کی مذمت میں قرار داد روکنے کا مقصد کونسل کے اہم رکن روس اور مغربی ملکوں کے درمیان قرارداد پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرنا ہے۔
سفارت کاروں کے مطابق ادلب میں کیمیائی حملے کی مذمت میں یہ قرارداد امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔ گذشتہ روز اس قرارداد پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث اس پر رائے شماری آج جمعرات کی شام تک ملتوی کردی گئی تھی۔غیرملکی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کے تین مستقل ارکان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کے متن میں خان الشیخون میں منگل کو ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت، اس کی شفاف تحقیقات اور حملے کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ روس نے بھی ادلب میں ہونے والے حملے کو قطعی طور پر ناقابل قبول قرار دیا ہے تاہم سلامتی کونسل میں اسد رجیم کی مذمت میں پیش کی گئی قرارداد پر رائے شماری پر اعتراض بھی کیا ہے۔سلامتی کونسل میں روسی معاون سفیر ولادی میر سافرونکوف نے قرارداد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد عجلت میں تیار کی گئی ہے جس کا کوئی فایدہ نہیں۔ انہوں نے واقعے کی موضوعاتی انداز میں تحقیق پر زور دیا۔
 


Share: