نیویارک،13اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام میں جاری وحشیانہ خانہ جنگی کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کو ہرصورت میں شکست سے دوچار کرنے کے بعد پناہ گزینوں کی بحالی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسد رجیم کے بارے میں سخت اور تند وتلخ لہجے میں بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بشار الاسد کو’وحشی درندہ‘، قصاب اور جلاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد کے جرائم کی روک تھام کے لیے اب کچھ کرنا ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شیرخواروں اور کم سن معصوم بچوں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔امریکی نشریاتی ادارے ’فوکس نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بشار الاسد کو ’وحشی حیوان‘ قرار دیا تھا۔ ان کا اشارہ صدر اسد کی اپنی قوم پر بیرل بموں اور کیمیائی ہتھیاروں سیحملوں کی طرف تھا جن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بے گناہ شہری مارے گئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اتحادیوں میں خدشات پیدا کرنے والا بیان واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ’نیٹو اتحاد اب ناکارہ نہیں رہا ہے‘۔وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹوٹینبرگ سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات نے اس اتحاد کی اہمیت کو کم کر دیا تھا۔
امریکی صدر نے بارہا نیٹو اتحاد کے مقاصد پر سوال اٹھایا تھا اور وہ ہمیشہ اس اتحاد کے لیے امریکہ کی ادائیگیوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا ’میں نے ان سے شکایت کی ہے کہ طویل عرصہ قبل انھوں نے ایک تبدیلی لائی تھی اب انہیں شدت پسندی کے خلاف لڑنا ہوگا۔‘میں نے کہا یہ نیٹو ناکارہ تھا لیکن اب یہ ناکارہ نہیں رہا۔‘