نئی دہلی، 8/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک میں بلیک منی پر روک لگانے کے نام پر اٹھائے گئے نوٹ بند ی کے قدم کے بعد نقد رقم کی نکاسی پر لگی حد جلد ہی ختم ہونے والی ہے۔ریزرو بینک کے گورنر ارجت پٹیل نے بدھ کو اس سلسلہ میں اعلان کیا ہے۔مانیٹری جائزہ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے آر بی آئی گورنر نے بتایا کہ سیونگ اکاؤنٹ سے نقدنکالنے کی حد دو مراحل میں آہستہ آہستہ ختم کر دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ 20/فروری سے نقد نکالنے کی حد کو ہفتے میں 24ہزار روپے سے بڑھا کر 50ہزار روپے کر دیا جائے گا، وہیں 13مارچ کے بعد نقد رقم نکالنے پر لگی یہ حد پوری طرح ختم کر دی جائے گی۔اس اعلان کے ساتھ آر بی آئی نے بتایا کہ 27/جنوری تک 9.92لاکھ کروڑ روپے کے کرنسی نوٹ سرکولیشن میں ڈالے گئے ہیں۔غورطلب ہے کہ نوٹ بند ی کے بعد نئے نوٹوں کی قلت کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ سے ہفتے بھر میں زیادہ سے زیادہ 24ہزار روپے نکالنے کی حد مقرر کی گئی تھی۔کیش نکالنے کی اس حد سے کاروبار میں سست رفتاری کی شکایت آ نے لگی تھی اور اس کی وجہ سے کئی ماہرین کسادبازاری کی طرف بھی اشارہ کر رہے تھے، شاید انہی خدشات کے پیش نظرآر بی آئی نے جی ڈی پی شرح نمو کا اندازہ گزشتہ سال کے 7.4فیصد سے کم کرکے اس سال 6.9فیصد کر دیا۔