بنگلورو21؍اگست(ایس او نیوز)سابق ریاستی وزیر اور چن پٹن کے رکن اسمبلی سی پی یوگیشور نے ان کی جنتا دل(ایس) میں شمولیت کے متعلق قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہاکہ اس پارٹی میں ان کی شمولیت کے متعلق بیان محض انہیں بدنام کرنے کیلئے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اخباری نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فی الوقت وہ کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں اور پارٹی بدلنے کی مجبوری انہیں نہیں ہے۔ پارٹی بدلنے کے متعلق خبریں پھیلاکر عوام اور ان کے کارکنوں میں انتشار پھیلانے کی جو کوشش کی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔جنتادل (ایس) میں شمولیت کے متعلق خبروں کے درمیان حال ہی میں ان کی سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی سے ملاقات کے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیوں میں ان کے دوست موجود ہیں، محض ملاقات سے سیاسی فیصلے کرلینا غلط بات ہے۔ کانگریس چھوڑنے یا کسی اور پارٹی میں شمولیت کے بارے میں اب تک انہوں نے کچھ بھی نہیں سوچا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔جنتادل (ایس) کو آٹھ اراکین اسمبلی کی بغاوت کے سبب یوگیش جیسے لیڈران کی ضرورت ہوسکتی ہے، اس ضمن میں تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس طرح کی خبروں سے لوگوں میں محض انتشار پیدا کیا جارہاہے، وہ یہ صاف طور پر کہہ دیناچاہتے ہیں کہ وہ اپنے حلقہ کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کام کرنے میں مصروف ہیں۔ حلقہ میں دیہاتوں کی سطح پر جنتادل (ایس) اور کانگریس کارکنوں کے درمیان شدید ترین اختلافات ہیں اسی لئے اس پارٹی میں شمولیت احتیار کرنا ان کیلئے بہت مشکل امر ہوگا۔اس سوال پر کہ کیا کانگریس میں پچھلے تین سال سے بحیثیت رکن اسمبلی برقرار رہنے اور اقتدار میں نمائندگی نہ ملنے کے سبب وہ مایوس ہوچکے ہیں، یوگیش نے وضاحت کی کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔موجودہ حکومت کی وجہ سے چن پٹن تعلقہ میں کنوا آبپاشی پراجکٹ کے دوسرے مرحلے کو منظوری ملی ہے ۔ 29اگست سے اس پر کام شروع ہونے جارہا ہے۔حلقہ کی ترقی کیلئے حکومت ہر طرح کا تعاون کررہی ہے تو مایوسی کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ ریاستی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈی کے شیوکمار ہو یا ان کے بھائی رکن پارلیمان ڈی کے سریش تمام کا مقصد ضلع اور حلقہ کی ترقی ہے۔اس سے ہٹ کر کچھ نہیں ،آنے والے دنوں میں تمام مل کر رام نگرم ضلع اور چن پٹن حلقہ کی ترقی کیلئے متحدہ طور پرکام کریں گے۔انہوں نے ان خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دیا کہ جنتا دل(ایس) میں شمولیت کیلئے اس پارٹی کے لیڈروں سے ان کی بات چیت ہوئی ہے۔ اگلے اسمبلی انتخابات میں ان کی طرف سے چن پٹن کی بجائے مدور حلقہ سے انتخاب لڑنے کی خبروں کو بھی یوگیش نے بعید از حقیقت قرار دیا۔