نئی دہلی،17فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انتخابات سے ٹھیک پہلے سماج وادی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔اکھلیش حکومت میں وزیر اور امیٹھی سے پارٹی کے امیدوار گایتری پرجاپتی کے خلاف سپریم کورٹ نے گینگ ریپ اور جنسی تشدد میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ نے اس مسئلے پر یوپی حکومت سے آٹھ ہفتوں کے اندر اندر جواب مانگا ہے۔پرجاپتی اس وقت یوپی کابینہ میں وزیر نقل وحمل ہیں۔35سالہ متاثرہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر سپریم کورٹ گئی تھی۔اس کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ گینگ ریپ ہوا اور اس کی بیٹی کو بھی جنسی ہراساں کیا گیا۔سپریم کورٹ نے اس معاملے پر فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔گایتری پرجاپتی پر آمدنی سے زیادہ جائیداد رکھنے، غیر قانونی قبضہ، غیر قانونی کان کنی سمیت کئی سنگین الزام لگ چکے ہیں۔چند ماہ پہلے انہیں اکھلیش یادو نے کابینہ سے برطرف کر دیا تھا،تاہم ملائم کے دباؤ میں اکھلیش کو دوبارہ انہیں حکومت میں شامل کرنا پڑا۔بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ چترکوٹ کی رہنے والی ہے اور اس کا الزام ہے کہ پرجاپتی نے سماجوادی پارٹی میں اچھا عہدہ دلانے کا لالچ دے کر اسے اپنے جال میں پھنسایا اور گزشتہ دو سال میں کئی بار اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔