لکھنؤ، 17؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے دبنگ سیاستدان مختار انصاری کے قومی اتحاد دل(کوید) کے ایس پی میں انضمام کئے جانے کے امکان پر تبصرہ کئے بغیر آج کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد صوبے میں ایک بار پھر سماج وادی پارٹی(ایس پی)کی حکومت بنے گی۔اکھلیش نے ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کوید کے ایس پی میں دوبارہ انضمام کے امکانات سے متعلق سوالوں کو کسی منجھے ہوئے سیاست داں کی کرح گول کر گئے۔سوالات کا براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس پی پردیش میں دوبارہ حکومت بنائے گی،جو میں کہہ سکتا ہوں، وہ یہ ہے کہ سماج وادی پارٹی حکومت نے ریاست میں متعدد ترقیاتی کام کئے ہیں، اس وجہ سے ایس پی پھر اقتدار میں آئے گی۔واضح رہے کہ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی طرف سے سینئر کابینہ وزیر شیو پال سنگھ یادو کے خلاف پارٹی کے اندر سازش کئے جانے کے الزامات کو لے کر پھٹکار لگائے جانے کے بعد اب قومی اتحاددل(کوید) کے ایس پی میں انضمام بحال کئے جانے کے غالب آثار ہیں۔شیو پال نے کوید کے ایس پی میں انضمام میں سرگرم کردار نبھاتے ہوئے گذشتہ 21جون کو کوید کے ایس پی میں انضمام کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔وزیر اعلی اکھلیش کے احتجاج کے بعد 25جون کو پارٹی پارلیمانی بورڈ نے اس کے انضمام کو منسوخ کر دیا تھا۔اس سے شیو پال کی ساکھ کو سب سے زیادہ دھکا لگا تھا۔وزیر اعلی نے بتایا کہ کابینہ نے لکھنؤ، وارانسی اور کانپور کے ساتھ ساتھ الہ آباد میں بھی میٹرو ریل چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔لکھنؤ میں جہاں میٹرو کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے، وہیں وارانسی اور کانپور میں میٹرو کی تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹ(ڈی پی آر)کو پہلے ہی منظوری مل چکی ہے۔