نیویارک،31مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی عدالتِ اپیل میں محکمہ انصاف نے ہوائی کے فیڈرل جج کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ ہوائی کے فیڈرل جج ڈیرک واٹسن کے جاری کیے گئے حکم امتناعی کا جائزہ لیتے ہوئے اِسے بے اثر کر دے۔ یہی اپیل کورٹ رواں برس فروری میں ٹرمپ کے سفری پابندیوں کے پہلے ایگزیکٹو آرڈر پر عائد عدالتی پابندی پر کی گئی اپیل کو مسترد کر چکی ہے۔ دو روز قبل بدھ کے روز فیڈرل جج واٹسن نے صدر ٹرمپ کے سفری پابندیوں کے ایگزیکٹو آرڈر کے خلاف طویل المدتی حکم امتناعی جاری کیا تھا۔