ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / سعودی ولی عہد کے لیے سی آئی اے کا تمغہ حسنِ کارکردگی

سعودی ولی عہد کے لیے سی آئی اے کا تمغہ حسنِ کارکردگی

Sun, 12 Feb 2017 22:03:58    S.O. News Service

ریاض12فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے اْن کی انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں کے اعتراف کے طور پر ادارے کے اعلیٰ تمغے سے نوازا ہے۔سعودی عرب میں سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق  سی آئی اے کے نئے سربراہ مائیک پومپیو نے جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعدامریکی خفیہ ادارے کے ڈائریکٹر کے طور پر پہلا بیرونِ ملک دورہ سعودی عرب کا کیا، جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمدبن نائف سے ملاقات کی۔ ستاون سالہ شہزادہ محمد سن 2012 سے ملک کے وزیرِ داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں انٹیلیجنس کے کام میں سالوں کا تجربہ حاصل ہے۔ شہزادہ محمد کو تشدد اور دہشت گردی کے خلاف اْن کی بڑے پیمانے پر کی گئی کاشوں کی وجہ سے مغرب میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ شاہی خاندان کے ولی عہد اور ملکی وزیر داخلہ محمدبن نائف نے عسکریت پسند گروہ القاعدہ کے خلاف ایک آپریشن کی نگرانی بھی کی تھی۔ القاعدہ نے سن 2003اورسن2007 کے درمیان سعودی عرب میں سیکورٹی اہلکاروں اور غیر ملکیوں کو دہشتگردانہ کارروائیوں میں ہلاک کیاتھا۔ سن 2009 میں محمد بن نائف پر القاعدہ کی جانب سے قاتلانہ حملہ کیا گیا تاہم اْنہیں معمولی چوٹیں آئیں۔پومپیونے محمد بن نائف کو انسدادِ دہشت گردی کے لیے کی جانے والی بہترین خدمات پر اْنہیں جارج ٹینِٹ میڈل سے نوازا۔ جارج ٹینٹ سی آئی کے سب سے طویل عرصے تک سربراہ رہے تھے۔ اْنہوں نے اس خفیہ ادارے کے ڈائریکٹر کا منصب سن 1996 سے سن 2004 تک سنبھالے رکھا۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق پومپیو اور شہزادہ نائف نے سیکیورٹی اْمورپربھی بات چیت کی۔ بیس جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ملاقات سعودی عرب اورواشنگٹن کے درمیان بہتر تعلقات کی تازہ ترین توثیق تھی۔ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں سے تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد سعودی تیل پر امریکی سیکورٹی کی فراہمی پر رکھی گئی ہے۔
 


Share: