ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے چیرمینوں کا تقرر جلد

سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے چیرمینوں کا تقرر جلد

Fri, 12 Aug 2016 12:35:01    S.O. News Service

بنگلورو۔11/اگست(ایس او نیوز) سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے نئے چیرمینوں کے تقرر کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے حالانکہ پہلے ہی نئے چیرمینوں کی فہرست تیار کرلی تھی، لیکن اپنے فرزند راکیش سدرامیا کی موت کے سبب وہ گیارہ روزہ سوگ میں مصروف تھے۔ آج ان کے فرزند کی تیرھویں ہوگئی۔ جس کے ساتھ ہی ایک دو دنوں میں سدرامیا دورہ دہلی پر جائیں گے اور پارٹی اعلیٰ کمان سے منظوری کے بعد سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے نئے چیرمینوں کے تقرر کا اعلان کریں گے۔ رواں ماہ کے آخر تک 85 سے زیادہ سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے چیرمینوں اور نائب چیرمینوں کا تقرر پورا کرلیا جائے گا۔

بتایاجاتاہے کہ ریاستی وزارت میں جگہ سے محروم اراکین اسمبلی کو مطمئن کرنے کیلئے 50 فیصد کارپوریشنوں کی چیرمین شپ انہیں دی جا رہی ہے۔باقی 50فیصد عہدے پارٹی کارکنوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے علاوہ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل اور دیگر قائدین سے تبادلہئ خیال کے بعد سدرامیا نئے چیرمینوں کی فہرست پر دستخط کریں گے۔ ریاست میں پارٹی کے اقتدار پر آنے کے دو سال بعد سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے چیرمینوں کاتقرر کیاگیا اور 18ماہ کی مدت کی شرط پر ان تمام کو عہدے دئے گئے تھے، تاہم تین ماہ قبل ان تمام چیرمینوں کو مزید تین ماہ کی مہلت دی گئی۔ اب ان کی مہلت ختم ہوچکی ہے، جس کے سبب نئے تقررات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ان تقررات میں ذات پات، علاقائیت اور پارٹی کیلئے وفاداری کی بنیاد پر عہدوں کی تقسیم کی جائے گی۔اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے تمام اضلاع سے نمائندگیاں طلب کی ہیں۔ سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے چیرمینوں کے تقرر کے معاملے میں ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سدرامیا کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور سے تبادلہ خیال کریں گے اور دونوں مل کر ہی کانگریس اعلیٰ کمان سے نمائندگی کریں گے کہ کس طرح سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں کے تقرر کو قطعیت دی جائے۔ 
 


Share: