ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سب کو متحد ہو کر ملک کی ترقی کیلئے عزم کرنا چاہئے، یوم آزادی تقریب میں مفتی محمد اشرف علی کا خطاب

سب کو متحد ہو کر ملک کی ترقی کیلئے عزم کرنا چاہئے، یوم آزادی تقریب میں مفتی محمد اشرف علی کا خطاب

Tue, 16 Aug 2016 12:09:39    S.O. News Service

بنگلورو:15؍اگست(ایس اونیوز) دارالعلوم سبیل الرشاد میں یوم آزادی کی 70سالہ تقریبات منائی گئیں۔ ریاستی وزیربرائے حج آر روشن بیگ نے قومی پرچم لہرایا اور کہاکہ ہندوستان کی آزادی کے لئے ہمارے علماء اور بزرگوں نے بڑی بڑی قربانیاں پیش کی ہیں۔ علماء نے کبھی بھی انگریزوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ بڑی مشقتیں برداشت کیں، جیل گئے، آخرکار سب کی کوششوں سے یہ ملک آزاد ہوا۔ آج ہم سراونچا کرکے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستان کی آزادی میں مسلمانوں کا اہم رول رہاہے۔ روشن بیگ نے کہاکہ پراوین توگڑیا جیسے فرقہ وارانہ ذہنیت رکھنے والے لوگ مدارس پر انگلیاں اٹھاتے اور دہشت گردی کے اڈے قرار دیتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو آکر دیکھنا چاہئے کہ یہاں کیا سکھایا اور کیا درس دیا جاتاہے۔ مدارس ہمارے مذہبی قلعے ہیں۔ روزنامہ پاسبان کے ایڈیٹر عبیداﷲ شریف نے کہاکہ یہ ملک مختلف مذاہب، تہذیبوں اور زبانوں کا ملک ہے۔ سب نے مل کر آزادی کی لڑائی لڑی تب جاکر اس ملک کو سکیولر ملک کہاگیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں بعض طاقتیں رام رحیم کو الگ کرکے لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔ ہمیں ایسی طاقتوں سے ہوشیار رہناچاہئے۔ امیر شریعت اور دارالعلوم سبیل الرشاد کے مہتمم مفتی محمد اشرف علی باقوی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے برادران وطن کو آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اس ملک کے باشندوں نے بلاتفریق مذہب سب نے متحد ہوکر ملک کو آزاد کرایا ہے۔ اس موقع پر ہمیں عزم کرنا چاہئے کہ مل جل کر رہیں گے۔ متحد ہوکر ملک کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ مفتی صاحب نے کہاکہ انتشار سے ملک کی ترقی نہیں ہوگی۔ بلکہ انتشار سے ملک تنزلی کی طرف جائے گا۔ رضوان ارشد، مقامی کارپوریٹر نندا اور کلیم، مدرسہ کے ذمہ دار حضرات مدرسہ کے اساتذہ بھی شریک تھے۔ طلباء نے قومی ترانہ سنایا۔


Share: