منگلورو 7 جولائی (ایس او نیوز) : مزدوروں کے شیڈ پر اچانک پہاڑی چٹان گرنے کے نتیجے میں شیڈ کے اندر موجود چار مزدوروں میں سے تین کی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک زخمی ہوگیا جسے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثہ مینگلور سے قریب 30 کلو میٹر دور بنٹوال تعلقہ کے پنجی کّلو دیہات میں بدھ کی شام قریب آٹھ بجے پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہنری کارلو نامی شخص کے ربڑ کے باغ میں مزدوری کرنے والے کیرالہ سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور ایک شیڈ میں قیام پذیر تھے، بدھ کو ہوئی زور دار بارش کے نتیجے میں رات قریب آٹھ بجے قریبی پہاڑی پر سے چٹان کھسک گئی اور سیدھے ان کے شیڈ پر جاگری، بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر پانچ مزدوروں میں سےایک مزدور باہر تھا اور اندر چار مزدور تھے، پہاڑی کھسکنے کی آواز آتے ہی ایک مزدور باہر کی طرف بھاگا، مگر دیگر تین مزدور فوری طور پر باہر کی طرف بھاگنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور مٹی کے تودوں کے اندر دب گئے۔
حادثے میں بدھ رات کو ہی ایک مزدور بیجو (44) کی موت واقع ہوگئی جو کیرالہ کے پالکّاڈو کا رہنے والا تھا۔دیگر دو لوگوں کی آج جمعرات صبح اسپتال میں موت واقع ہوگئی جن کی شناخت کیرالہ کے الپّوزا کے رہنے والے سنتوش (45) اور کیرالہ کے کوٹائم کے رہنے والے بابو (46) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ کیرالہ کے کنّور کے رہنے والے جوہنی جو باہر کی طرف بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے، زخمی ہیں ، اور بنٹوال سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شیڈ گرنے کے ساتھ ہی تمام مزدور چٹان کی مٹی کے اندر دب گئے تھے، مشین کی مدد سے قریب تین گھنٹوں کی مشقت کے بعد مٹی کے ملبہ کو ہٹا کر دبے ہوئے تینوں مزدوروں کو اسپتال پہنچایا گیا تھا، جس میں سے ایک کی رات کو ہی موت واقع ہوگئی، البتہ دیگر دو ۔ زخموں کی تاب نہ لاکر جمعرات صبح چل بسے۔
ریسکیو آپریشن میں محکمہ فائر کے اہلکار، این ڈی آر ایف سمیت بنٹوال ٹاون پولس، مضافاتی پولس کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی شامل تھے۔ جنہوں نے مٹی کے اندر دبے ہوئے لوگوں کو بچانے کی پوری کوشش کی۔
شیڈ کے باہر پارک کی ہوئی سواریوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے البتہ ہینری کا مکان جو کچھ ہی فاصلے پر ہے، حادثے میں محفوظ رہ گیا ہے۔
ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر۔ کے وی راجیندر، ایس پی رشیکیش سوناونی، منگلور اسسٹنٹ کمشنر مدن موہن، تحصیلدار سمیتھارامو اور پی ڈی او ۔ویدیاشیوانم نے جائے وقوع کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا ہے۔