ماسکو،19اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)12سالہ اوسانکا بی 17ویں منزل پر واقع اپنے اپارٹمنٹ کی ریلنگ پر بیٹھ کر سیلفی لینے کی کوشش کر رہی تھیں۔انھوں نے اپنی ماں سے کہا تھا کہ وہ چہل قدمی کے لیے جا رہی ہیں لیکن اس کی بجائے بالکونی میں پہنچ گئیں۔پولیس کے مطابق اوسانکا نے تصویر لینے کے بعد اسے اپنی سہیلی کو بھیج دیا، لیکن اس کے بعد توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور نیچے گر گئی۔اطلاعات کے مطابق ان کی دوست نے محسوس کیا کہ تصویر خطرناک جگہ سے لی گئی ہے اور انھوں نے اوسکانکا کو فون کرنے کی کوشش کی۔جب جواب نہیں ملا تو انھوں نے تصویر اوسکانکا کی ماں کو بھیج دی۔ لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ایک راہگیر نے اوسانکا کی لاش کے بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔حالیہ برسوں میں خطرناک جگہوں سے سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کا شوق بڑھتا جا رہا ہے۔روس میں سیلفی سے متعلق کئی ہلاکتوں کے بعد گذشتہ برس حکومت نے اس بارے میں آگہی کی مہم شروع کی تھی۔پچھلے سال ایک 17سالہ روسی نوجوان نو منزلہ عمارت کی چھت سے گر کر ہلاک ہو گئے تھے۔اوسانکا کے چچا نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ بڑی مہربان لڑکی تھی۔ وہ اچھی طالبہ تھی اور سکول میں اس کے کوئی مسائل نہیں تھے۔ وہ رقص اور انگریزی کی کلاسیں لے رہی تھی۔