نئی دہلی، 7/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ روحانیت ہندوستان کی طاقت ہے اور بدقسمتی سے کچھ لوگ اسے مذہب سے جوڑ دیتے ہیں۔بھارت یوگدا ست سنگ سماج (وائی ایس ایس) کے صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ روحانیت کے سفر سمت میں یوگا پہلا قدم ہے۔مودی نے کہا کہ دنیا ہندوستان کا موازنہ اس کی آبادی، جی ڈی پی یا ملازمت کے مواقع کی بنیاد پر کرتی ہے، لیکن دنیا نے ہندوستان کی روحانیت کو نہ کبھی سمجھا اور نہ ہی اسے تسلیم کیا۔انہوں نے کہاکہ روحانیت ہندوستان کی طاقت ہے، لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ لوگ روحانیت کو مذہب سے جوڑ تے ہیں، روحانیت اور مذہب دونوں ایک دوسرے سے الگ ہیں۔وزیر اعظم نے اس تناظر میں یوگی پرم ہنس کی تعریف کی، جو اپنے پیغام کی اشاعت کے لیے ہندوستان سے باہر گئے لیکن ہمیشہ ہندوستان سے جڑے رہے۔قابل ذکر ہے کہ پرم ہنس نے 1917میں وائی ایس ایس کی بنیاد ڈالی تھی۔وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ کا بھی اجراء کیا۔مودی نے اس موقع پر سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کے الفاظ کو یاد کیا،جس میں انہوں نے کہا تھا کہ روحانیت بھارت کی طاقت ہے اور یہ عمل جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی روحانیت کی روایت کو ہمارے سادھو، سنتوں نے مضبوطی فراہم کی ہے۔