ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی چھوڑیں گے ضد، لڑیں گے کانگریس صدر عہدے کا الیکشن؟قریبیوں نے کیا بڑا دعویٰ

راہل گاندھی چھوڑیں گے ضد، لڑیں گے کانگریس صدر عہدے کا الیکشن؟قریبیوں نے کیا بڑا دعویٰ

Sun, 04 Sep 2022 12:08:02    S.O. News Service

نئی دہلی ، 4؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس پارٹی میں قومی صدر کے عہدے سے متعلق ہونے والے آئندہ انتخابات میں راہل گاندھی کی امیدواری سے متعلق کشمکش کی صورتحال برقرار ہے، لیکن پارٹی کے کئی لیڈروں کو یقین ہے کہ راہل گاندھی اکتوبر میں ہونے والا یہ الیکشن لڑیں گے۔ ان لیڈروں نے اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ راہل گاندھی ان کی درخواست کو ضرور قبول کریں گے۔

ٹائمز آف انڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق، راہل گاندھی بیرون ملک سے ہندوستان لوٹ چکے ہیں اور پارٹی لیڈرس انہیں کانگریس صدر کا الیکشن لڑنے کیلئے منانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ سال 2019میں لوک سبھا الیکشن میں شکست کے بعد راہل گاندھی نے کانگریس صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور یہ کہا گیا تھا کہ گاندھی فیملی سے کوئی بھی پارٹی کی قیادت نہیں کرے گا۔

ایک طرف جہاں پارٹی میں اس بات سے متعلق بحث ہے کہ راہل گاندھی صدر عہدہ نہیں سنبھالیں گے۔ وہیں ان کے ایک قریبی ذرائع نے اسے پوری طرح سے خارج کرنے سے انکار کردیا ہے۔ انہیں منانے کی کوششیں کی جارہی ہیں کیونکہ پارٹی کیلئے یہی واحد اچھا حل ہے۔ ان کی رضامندی سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے، لیکن بہت کچھ اس بات پر منحصر کرے گا کہ اتوار کو مہنگائی کے خلاف دہلی کی ریلی اور پھر بھارت جوڑو یاترا کیسی ہوتی ہے۔

اس سے پہلے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ، جو صدرکے عہدے کیلئے گاندھی فیملی کے علاوہ ایک متبادل ہیں، ملکا ارجن کھرگے اور سلمان خورشید جیسے سینئر لیڈروں نے کہا ہے کہ راہل گاندھی کو منانے کی کوششیں آخری وقت تک جاری رہیں گی۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی)کے صدر کے الیکشن کیلئے تاریخوں کا اعلان ہوچکا ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ذریعہ کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق، 22 ستمبر کو الیکشن کیلئے نوٹیفکیشن جاری ہوگا اور 17/اکتوبر کو الیکشن ہوگا۔ اگر ووٹنگ کرنے کی نوبت آئی تو 19/اکتوبر کو ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔


Share: