دہرادون، 12/ فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہیلی کاپٹر کی تلاشی لیے جانے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کرنے کے محض ایک دن بعد آج اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہریش راوت کے ہیلی کاپٹر کو ایک گھنٹے تک اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔وزیر اعلی راوت کے چیف ترجمان سریندر کمار نے بتایا کہ وزیر اعلی صبح نو بجے الموڑا کے جلسہ عام کے لیے روانہ ہونے والے تھے لیکن ان کے ہیلی کاپٹر کو یہاں جی ٹی سی ہیلی پیڈ سے اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی کو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق الموڑا، چمپا وت، چمولی وغیرہ جگہوں پر انتخابی مہم کے لیے جانا تھا، اس کی پیشگی اجازت کے باوجود پائلٹ کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔وزیر اعلی نے خود فون پر ایئر ٹریفک کنٹرول کے حکام سے بات کی، انہیں صورت حال سے آگاہ کرایا، کئی بار اصرار کرنے اور اس کی شکایت الیکشن کمیشن میں کرنے کی بات کہنے پر بھی تقریبا ایک گھنٹے بعد ان کے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کو اڑان کی اجازت دی گئی۔کمار نے کہاکہ بعد میں اطلاع ملی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سری نگر میں پہنچنے کے پروگرام کی وجہ سے اے ٹی سی نے راوت کے ہیلی کا پٹر کو اڑان بھرنے سے روکے رکھا۔راوت نے 10فروری /کو ہلدوانی میں انتخابی مہم کے دوران صرف ان کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لیے جانے پر کل سخت اعتراض درج کراتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اس کی شکایت بھیجی تھی۔انہوں نے الزام لگایا تھا کہ مرکزی حکومت کی شہ پر انہیں پریشان کیا جا رہا ہے۔