نئی دہلی 29/جنوری (ایس او نیوز)الیکشن کمیشن نے پیر کو راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کا اعلان کیا ہے ۔ یہ انتخابات 27 فروری کو 56 سیٹوں کے لیے ہوں گے، کیونکہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سمیت موجودہ عہدہ داروں کی میعاد اپریل میں ختم ہوگی۔
ایک طرف لوک سبھا انتخابات کو لے کر ملک میں سرگرمیاں تیز ہیں، وہیں الیکشن کمیشن نے جانکاری دی ہے کہ راجیہ سبھا کی 56 سیٹوں پر آئندہ 27 فروری کو انتخاب کرائے جائیں گے۔ یہ سبھی سیٹیں اپریل ماہ میں خالی ہو رہی ہیں جس پر انتخاب کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 50 راجیہ سبھا اراکین 2 اپریل کو سبکدوش ہوں گے، جبکہ 6 دیگر اراکین 3 اپریل کو سبکدوش ہونے والے ہیں۔
جن ریاستوں سے تعلق رکھنے والے راجیہ سبھا اراکین کی مدت کار اپریل ماہ میں ختم ہو رہی ہے، ان ریاستوں کے نام ہیں آندھرا پردیش (3)، بہار (6)، چھتیس گڑھ (1)، گجرات (4)، ہریانہ (1)، ہماچل پردیش (1)، کرناٹک (4)، مدھیہ پردیش (5)، مہاراشٹر (6)، تلنگانہ (3)، اتر پردیش (10)، اتراکھنڈ (1)، مغربی بنگال (5)، اڈیشہ (3) اور راجستھان (3)۔
راجستھان کی 3، اتر پردیش کی 10 اور اتراکھنڈ کی 1 راجیہ سبھا سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ یوپی کی ایک سیٹ سماجوادی پارٹی لیڈر جیہ بچن کے پاس ہے جبکہ 9 پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔ بی جے پی کے جن راجیہ سبھا اراکین کی مدت کار ختم ہو رہی ہے ان میں اشوک واجپئی، انل جین، انل اگروال، کانتا کردم، سکلدیپ راجبھر، جی وی ایل نرسمہا راؤ، ہرناتھ سنگھ یادو اور وجئے پال تومر شامل ہیں۔ اتراکھنڈ سے انل بلونی کی مدت کار اپریل ماہ میں ختم ہو رہی ہے۔