جے پور، 14/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)راجستھان کے بھیل واڑہ ضلع کے کریڈا تھانہ علاقے میں ایک ماں کی طرف سے اپنے دو سالہ بیمار بیٹے کو ٹھیک کرنے کے لیے ضعیف الاعتقادی کی وجہ سے گرم لوہے سے پیٹ پر داغ دینے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔کریڈا تھانہ کے انچارج سریش مشرا نے یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ مخبر سے پتہ چلا کہ ایک خاتون نے اپنے دو سالہ بیٹے کو پیٹ پر گرم لوہے سے داغا اور پھر اسے کریڈا کے اسپتا ل میں لے کر آئی، موقع پر پہنچی پولیس ٹیم کو خاتون اور اس کا بیٹا نہیں ملا۔انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹر کے حوالے سے بتایا کہ خاتون نے بیمار بیٹے کو ٹھیک کرنے کے لیے پیٹ پر گرم سریے سے داغا تھا۔ڈاکٹر نے بچے کو بھیل واڑہ کے اسپتا ل میں ریفر کر دیا تھا،پولیس نے اس سلسلہ میں فی الحال مقدمہ درج نہیں کیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، رتن لال کی بیوی نے نمونیا سے متاثرہ اپنے دو سالہ بیٹے راہل کو ٹھیک کرنے کے لیے گرم سریے سے پیٹ پر داغا تھا، بچے کو بھیل واڑہ کے اسپتا ل لے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔اس درمیان بھیل واڑہ کے سرکاری اسپتا ل کی ایمرجنسی یونٹ کے ایک ڈاکٹر نے راہل نام کے بچے کے علاج کے لیے اسپتا ل آنے سے انکار کیا ہے۔غور طلب ہے کہ کئی علاقوں میں ضعیف الاعتقادی کی وجہ سے اب بھی بچوں کو بیماری سے ٹھیک کرنے کے لیے گرم سریے سے جسم کے کسی حصہ کو داغنے کی روایت ہے۔