دھارواڑ 11 جون (ایس او نیوز) ہبلی-دھارواڑ بائی پاس روڈ پرایک کار مخالف سمت سے آنے والی لاری سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ضلع ہاسن کے رہنے والے تین لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔ حاد ثہ اتوار صبح پیش آیا۔ حادثہ میں ایک شخص کی حالت نازک بتائی گئی ہے اور اسے ہبلی کمس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ قومی شاہراہ 4 پر ہلیال پل کے قریب پیش آیا، بتایا گیا ہے کہ کار پر سوار دو لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ ایک شخص کی دھارواڑ ضلع اسپتال پہنچنے کے بعد موت واقع ہوئی۔
پتہ چلا ہے کہ کار ممبئی سے ہاسن جارہی تھی جبکہ لاری بیلگام کی طرف جارہی تھی۔ پولس ذرائع کے مطابق لاری ڈرائیور کی لاپرواہی سے حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت کے آر نگر کے رہائشی پوٹّے گوڈا (33)، ہولی نرسہاپو کے دیپک (24) اور چندن گوڈا (22) کے طور پر کی گئی ہے۔
ٹکر میں کار کے پرخچے اُڑ گئے ہیں۔
حادثہ دھارواڑمضافاتی پولس تھانہ حدود میں پیش آیا۔