نیویارک،19؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موصل کے قریب پہنچنے پر عراقی فوج کو ممکنہ طور پر جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ بظاہر اس عسکریت پسند تنظیم کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ ایسے ہتھیار تیار کر سکے۔ اس سلسلے میں امریکی دستے عراقی سرزمین پر بکھرے مختلف بموں کے ٹکڑے اکٹھا کرنے میں بھی مصروف ہیں تا کہ پتہ چلایا جا سکے کہ آیا ان میں کسی کیمیکل ہتھیار کا کوئی شیل بھی شامل ہے۔ اسی مہینے کی پانچ تاریخ کو امریکی حکام کو ایسا ایک شیل ملا تھا جس کے ٹیسٹ کے بعد کہا گیا تھا کہ جہادیوں کے پاس سلفر مسٹرڈ کیمیکل موجود ہے۔