دبئی 2اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بین الاقوامی طبی امدادی ادارے Medical Corps Staff نے الزام عاید کیا ہے کہ یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے باب الیمن کے مقام سے تنظیم کے پانچ امدادی کارکنان کو یرغمال بنا لیا ہے۔العربیہ نیوز چینل کے مطابق بین الاقوامی امدادی ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے باب الیمن سے تنظیم کے ساتھ کام کرنے والے دو مقامی ڈرائیوروں کو بھی اغواء کرلیا۔تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ 2012ء سے یمنی شہروں میں مفت طبی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی طبی ادارے کی طرف سے صنعاء، تعز، اب، عدن اور لحج شہروں میں طبی امداد کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔یہ ایک ہفتے سے کم عرصے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ چند روز قبل بی الاقوامی طبی ادارے ڈاکٹر ود آؤٹ بارڈرز نے حوثی باغیوں کی تنظیم کے امور میں مداخلت کے بعد یمن میں اپنی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ دونوں واقعات یمن میں کام کرنے والے امدادی اداروں کو باغیوں کی طرف سے بلیک میل کیے جانے کا واضح ثبوت ہیں۔ گذشتہ ماہ یمنی باغیوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر اسٹیفن اوپرائن اور قبل ازیں ریڈ کراس اور یونیسیف کے مندوبین کو بھی یمن میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔