ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جوشی مٹھ بحران: سپریم کورٹ نے عرضی پر سماعت سے کیا انکار، اپنی بات ہائی کورٹ میں رکھنے کا دیا مشورہ

جوشی مٹھ بحران: سپریم کورٹ نے عرضی پر سماعت سے کیا انکار، اپنی بات ہائی کورٹ میں رکھنے کا دیا مشورہ

Mon, 16 Jan 2023 22:04:52    S.O. News Service

نئی دہلی،16؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ بحران کو قومی آفت قرار دینے کے لیے مداخلت کے مطالبہ والی عرضی پرغورکرنے سے انکار ک دیامگر عرضی دہندہ کو مشورہ دیا کہ وہ اتراکھنڈ ہائی کورٹ جائے اور اپنی بات وہاں رکھے۔ قابل ذکر ہے کہ سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی نے یہ عرضی داخل کی تھی جسے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا و جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے سماعت سے انکار کر دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ بدری ناتھ اور ہیم کنڈ صاحب جیسے مشہور تیرتھ مقامات اور بین الاقوامی اسکینگ منزل ’اولی‘ کے داخلی دروازہ جوشی مٹھ میں زمین دھنسنے کے واقعہ کے بعد زبردست بحران پیدا ہوگیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے 10 جنوری کو یہ کہتے ہوئے عرضی پر فوری سماعت سے انکار کر دیا کہ حالات سے نمٹنے کے لیے جمہوری طور پر منتخب حکومت ہے اور سبھی اہم معاملے عدالت میں نہیں آنے چاہئیں۔ حالانکہ عدالت نے سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کی عرضی کو 16 جنوری کو سماعت کے لیے فہرست بند کیا تھا۔ مگر آج اس معاملے پر عدالت عظمیٰ نے سماعت سے انکار کر دیا اور اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں اپنی بات رکھنے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ عرضی میں اس مشکل وقت میں جوشی مٹھ کے باشندوں کو سرگرم طریقے سے حمایت دینے کے لیے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ سوامی اویمکتیشورانند کی عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انسانی زندگی اور ان کے نظامِ حیات کی قیمت پر کسی بھی ترقی کی ضرورت نہیں ہے اور اگر ایسا کچھ بھی ہوتا ہے تو یہ ریاستی اور مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اسے فوراً جنگی سطح پر بند کیا جائے۔


Share: