ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنسی استحصال کے ملزم بی جے پی ایم پی برج بھوشن نے کیا طاقت کا مظاہرہ، ریلی میں 2024 کا لوک سبھا الیکشن لڑنے کا کیا اعلان

جنسی استحصال کے ملزم بی جے پی ایم پی برج بھوشن نے کیا طاقت کا مظاہرہ، ریلی میں 2024 کا لوک سبھا الیکشن لڑنے کا کیا اعلان

Mon, 12 Jun 2023 11:46:28    S.O. News Service

نئی دہلی ، 12/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) ایک طرف پہلوان ڈبلیو ایف آئی کے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جن پر جنسی استحصال کا الزام ہے۔ دوسری طرف سنگین الزامات سے بے خوف برج بھوشن سنگھ نے 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ برج بھوشن شرن سنگھ نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ 2024 کا لوک سبھا انتخابات ایک بار پھر اپنے حلقہ قیصر گنج سے لڑیں گے۔ ہندوستان کی چوٹی کی خواتین ریسلرز کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کا سامنا کرنے والے برج بھوشن شرن سنگھ نریندر مودی حکومت کے 9 سال مکمل ہونے پر اتر پردیش کے گونڈا میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔

اس ریلی کا اہتمام 2024 کے انتخابات کے لیے بی جے پی کے مہا سمپرک ابھیان کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔ یہ ریلی دراصل برج بھوشن سنگھ کی طاقت کا مظاہرہ تھی، جو پہلے ایودھیا میں 5 جون کو ہونا تھی۔ اگرچہ برج بھوشن سنگھ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا براہ راست کوئی حوالہ تو نہیں دیا، لیکن انہوں نے اپنی بات کو سمجھانے کے لیے اردو کے ایک شعر استعمال کیا۔

انہوں نے کہا، کبھی اشک، کبھی غم، تو کبھی زہر پیا جاتا ہے۔ تب جاکر زمانے میں جیا جاتا ہے، یہ ملا مجھے محبت کا صلہ، بے وفا کہہ کر مجھے یاد کیا جاتا۔ انہوں نے مودی حکومت کے کام کی تعریف کی اور گزشتہ نو سالوں کی کامیابیوں کے بارے میں بتایا۔ قبل ازیں برج بھوشن نے سینکڑوں کاروں کے قافلے کے ساتھ اپنے گھر سے ریلی کے مقام تک روڈ شو کیا۔ اس ریلی میں برج سنگھ کے اثر و رسوخ والے حلقہ کے تمام چھ لوک سبھا حلقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔


Share: