اگرتلہ، 14/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اگرتلہ میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ میں 17افراد زخمی ہو گئے ہیں۔زخمیوں میں 11پولیس اہلکار، دو صحافی اور دونوں پارٹیوں کے دو دو کارکنان شامل ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ (مغربی تریپورہ)ابھجیت سپت رشی نے آج بتایا کہ جھڑپ کل رات اس وقت شروع ہوئی، جب ترنمول لیڈر سدیپ رائے برمن کے بڑے بھائی سندیپ رائے برمن نے بی جے پی کے کارکن کے ساتھ مبینہ طورپر مارپیٹ کی۔اس کے بعد دونوں پارٹیوں کے حامی مغربی اگرتلہ پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے آئے اور ان کے درمیان وہاں بھی جھڑپ شروع ہو گئی، پولیس جب درمیان میں دفاع کرنے آئی،تو اس میں اس کے 11جوان بھی زخمی ہو گئے۔سپت رشی نے بتایا کہ واقعہ میں بی جے پی اور ترنمول کے چار کارکن زخمی ہو گئے جن میں بی جے پی نائب صدر سبل بھومک اور ترنمول لیڈر پنا دیب شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی کوریج کرنے آئے دو صحافی بھی زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں کل رات دو گھنٹے کے لیے دفعہ 144نافذ کی گئی تھی۔تریپورہ صحافی تنظیم کے سکریٹری پرنب سرکار نے صحافیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مجرم پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔