انقرہ،29ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) ترکی شام سے ملنے والی اپنی سرحد پر کنکریٹ کی ایک دیوار کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک ترک اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ نو سو کلومیٹر طویل یہ دیوار پانچ ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ اس اہلکار کے مطابق دیوار کی تعمیر کا مقصد شام سے ترکی میں غیر قانونی نقل مکانی کو روکنا ہے۔انقرہ حکومت پر طویل عرصے سے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک کی طرف سے دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ اُن شامی علاقوں سے ملنے والی اپنی سرحد کو بند کرے، جو دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے زیر قبضہ ہیں۔ ترکی نے گزشتہ مہینے ہی شامی باغیوں کے ساتھ مل کر ایک عسکری کارروائی شروع کی تھی، جس کا مقصد شام کے ترکی کے قریب سرحدی علاقوں سے داعش کے جنگجوؤں کو وہاں سے نکالنا تھا۔