بیندور،20؍جولائی (ایس او نیوز) آج صبح اسکول جاتے وقت ایک 7 سالہ بچی اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑی اور دیکھتے ہی دیکھتے فوت ہوگئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اچانک موت کا شکار ہونے والی بچی کا نام سمنوی پجاری ہے ۔ آج صبح اسکول کے لئے تیار کرکے اس کی ماں اسے گود میں اٹھا کر اسکول وین میں چڑھانے پہنچی تھی ۔ جب وین آئی تو ماں نے اسے گود سے اتارا مگر وہ زمین پر گر گئی ۔ اسکول کے ڈرائیور اور کنڈکٹر نے آگے بڑھ کر اس کا معائنہ کیا تو اس کے منھ میں ایک چاکلیٹ پایا گیا ۔ فوری طور پر بچی کو بیندور ہاسپٹل پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹر نے معائنہ کے بعد اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کر دی۔
بچی کی لاش کو ہاسپٹل کے مردہ گھر میں رکھا گیا جہاں سے پوسٹ مارٹم کے لئے لاش کو کستوربا ہاسپٹل منی پال بھیجا گیا ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر بچی کی موت کا سبب معلوم ہونے کی امید ہے۔