ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بیتول کی بی جے پی ایم پی سے قبائلی درجہ واپس لیا گیا، شیوراج نے افسروں کو لگائی پھٹکار

بیتول کی بی جے پی ایم پی سے قبائلی درجہ واپس لیا گیا، شیوراج نے افسروں کو لگائی پھٹکار

Thu, 04 May 2017 22:37:16    S.O. News Service

بھوپال، 4/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے بیتول سے بی جے پی ممبرپارلیمنٹ جیوتی دھروے سے درج فہرست قبائل (ایس ٹی)سرٹیفکیٹ منسوخ کئے جانے کے فیصلے نے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کو خاصا ناراض کر دیا ہے۔حکومت سے وابستہ ذرائع کے مطابق،وزیر اعلی نے اس سلسلے میں درج فہرست ذات و قبائل (ایس ٹی، ایس سی)بہبود محکمہ کے چیف سکریٹری اشوک شاہ اورایس ٹی محکمہ کی کمشنر دیپالی رستوگی کو طلب کر کے ان کو زبردست پھٹکار لگائی ہے۔شیوراج حکومت کے اعلی سطحی ذرائع کے مطابق، وزیر اعلی شیوراج اس بات سے خاصے ناراض تھے کہ محکمہ نے اس سلسلے میں اپنا فیصلہ عوامی کرنے سے پہلے انہیں اس کی کوئی اطلاع نہیں دی۔واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کی ایک اعلی سطحی جانچ کمیٹی نے بدھ کو بی جے پی ایم پی جیوتی دھروے کاایس ٹی  سرٹیفکیٹ منسوخ کر دیا، ایس ٹی زمرے کے لیے ریزرو بیتول سیٹ سے 2009سے ممبر پارلیمنٹ رہیں دھروے نے اپنے انتخابی حلف نامے میں اپنی ذات گونڈ بتائی تھی، حالانکہ کمیٹی کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ انہوں نے ذات کے حوالے سے حلف نامے میں غلط بیانی کی ہے۔بی جے پی کے ممبرپارلیمنٹ کے خلاف بیتول ضلع کے وکیل شنکر پیدام نے 30/مئی 2009کو ہی شکایت کی تھی۔انہوں نے دعوی کیا تھا کہ جیوتی کو جو گونڈ ذات کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے، وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔شکایت کنندہ نے دعوی کیا تھا کہ ذات کے تعلق سے سرٹیفکیٹ لیتے وقت جیوتی نے اپنے دعوے کے لیے مناسب دستاویزات پیش نہیں کئے تھے کہ وہ گونڈ ذات کی ہیں۔پیدام کی شکایت کے بعد ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس سی،ایس ٹی بہبود محکمہ کی طرف سے اس معاملے میں جانچ کی گئی۔یہ جانچ رپورٹ یکم اپریل، 2017کو پیش کی گئی اور اس میں پایا گیا کہ جیوتی کی طرف سے پیش کئے گئے دستاویزات ان کے ان دعووں سے میل نہیں کھاتے ہیں کہ وہ گونڈ ذات سے ہیں۔ ذات کے تعلق سے فرضی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی وجہ سے جیوتی دھروے کی ممبر پارلیمنٹ کی رکنیت اب خطرے میں نظر آرہی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق، وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے حالات سے نمٹنے اور آگے کی حکمت عملی پر بحث کرنے کے لیے  دھروے کو بھوپال بلایا ہے۔وہیں اپوزیشن کانگریس دھروے کے فوری استعفی کا مطالبہ کر رہی ہے۔کانگریس کے ریاستی صدر ارون یادو نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ انہوں نے غلط حلف نامہ دیاتھا، وہ ایس ٹی نہیں ہیں اور اب ایس سی-ایس ٹی کمیشن سے اس پر مہر لگ جانے کے بعد انہیں فوری طور پر استعفی دینا چاہیے۔
 


Share: