لکھنؤ،28/مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے عوام کی پریشانیوں اور دقتوں کو بڑھایا ہے اس کو عوام کی تکالیف کی ذرا بھی پرواہ نہیں ہے۔ اکھلیش آج یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے ریاستی ہیڈکوارٹر لکھنؤ میں اضلاع سے آئے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیاں ہی سارے مسائل کی جڑ ہیں۔ بی جے پی چکا چوندھ کی سیاست سے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ بی جے پی آئین و جمہوریت کو کمزور کر رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی متحد ہو کر پوری طاقت سے آئین اور جمہوریت کو بچانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔
اکھلیش یادو نے انتباہ دیا کہ بی جے پی سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی قیادت کو بدنام کرنے کی سیاست پر کام کر رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے لیڈروں پر جھوٹے مقدمے لگائے جا رہے ہیں۔ ان کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بی جے پی کی چالاکیوں سے عوام کو گمراہ ہونے سے بچانا ہے۔
یادو نے کہا کہ بی جے پی ذاتی منافرت پیدا کرتی ہے۔ نفرت سے سماج کو تقسیم کرتی ہے۔ اس کی پالیسیاں سرمایہ داروں کی محافظ ہیں۔ غریب اور مڈل کلاس کو بی جے پی ختم کرنے پر آمادہ ہے۔ عوام کو شہریوں کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ کسان، نوجوان، کاروبار سبھی بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں سے تنگ ہیں اور جلد سے جلد نجات پانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب زمین پر الیکشن کی لڑائی لڑنی ہے۔ سماج وادی پارٹی کی مقبولیت عوام میں ہے اس لئے تنظیم کو اور چست و درست بنانا ہے۔ بوتھ سطح تک تنظیم کو مضبوطی فراہم کرنا ہے۔ کارکنوں کو عوام کے سیدھے رابطے میں رہنا ہے۔ لوگوں کے سکھ دکھ سے شراکت دار رہنا ہے۔ عوام کے درمیان سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی حکومت کی حصولیابیوں اور پالیسیوں کو پہنچانے کے کام میں تیزی لانا ہے۔