نئی دہلی، 17/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) آج بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور ان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ۲۰۱۵ء میں فریم ورک اگریمینٹ کے پاس ہونے کے بعد بھی گزشتہ ۹؍ سال میں ناگالینڈ سیاسی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ انہوں نے عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناگالینڈ کے عوام کی حمایت حاصل کئے بغیر اور ان سے گفتگو کئے بغیر اس مسئلہ کا حل نہیں نکالا جا سکتا۔ انہوں نے مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس مسئلہ کا حل نہیں تھا تو آپ کو جھوٹ نہیں بولنا چاہئے تھا اور یہ نہیں کہنا چاہئے تھا کہ آپ کے پاس مسئلہ کا حل ہے۔ آپ یہ بھی کہہ سکتے تھے کہ ہمیں ایک ساتھ مسئلہ کا حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہئے لیکن آپ کو جھوٹ کا سہارا نہیں لینا چاہئے تھا۔ کانگریس یہ سمجھتی ہے کہ یہ معاملہ کتنا سنگین ہے۔ راہل نے فریم ورک کے تعلق سے کہا کہ پی ایم نے ۹؍ سال پہلے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا نہیں کیا۔ ناگا بغاوت ۱۹۴۷ء میں شروع ہوئی تھی۔ دہائیوں پرانے مسئلے کا حل تلاش کرنے کیلئے، مرکز ۱۹۴۷ء سے این ایس سی این آئی ایم اور ۲۰۱۷ء سے کم از کم سات گروپوں پر مشتمل ناگا نیشنل پولیٹیکل گروپ (این این پی جی) کی ورکنگ کمیٹی کے ساتھ الگ الگ مذاکرات کر رہا ہے۔ مودی حکومت نے ۲۰۱۵ء میں فریم ورک اسکیم متعارف کروائی تھی۔ تاہم، این ایس سی این آئی۔ ایم ناگا لوگوں کیلئے علاحدہ پرچم اور آئین کے اپنے مطالبے پر اٹل رہنے کے ساتھ حتمی حل حاصل کرنا باقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناگالینڈ کے نوجوان ملک کے دیگر نوجوانوں کا مقابلہ کس طرح کر سکیں گے؟ خاص طور پر ان نوجوانوں کا جن کے پاس بہترین سہولیات موجود ہیں۔ یہ ناگالینڈ کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ ہم ان خستہ حال سڑکوں کے ساتھ کس طرح یقین رکھ سکتے ہیں کہ ناگالینڈ کے عوام کا مستقبل روشن ہوگا۔ آر ایس ایس اور بی جے پی ان تمام چیزوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے مختلف طبقات اور مذاہب کو نشانہ بنانے کا کام کر رہی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایک ہندوستانی کے طور پر ہمیں ہر طبقے، مذہب ثقافت اور مذہبی روایات کا احترام کرنا چاہئے لیکن آر ایس ایس اور بی جے پی مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ مجھے ایک ہندوستانی کے طور پر شرم آتی ہے کہ پی ایم مودی نے منی پور میں اتنا کچھ ہونے کے باوجود وہاں کا دورہ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی نے منی پور کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس یاترا کا مقصد ملک کے عوام کی توجہ منی پور، ناگالینڈ اور دیگر ریاستوں کی جانب مرکوز کرنا ہے۔ انہوں نے ناگالینڈ کے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ وہ یاترا کے اختتام کے بعد ناگالینڈ کا دورہ کریں گے اور لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل جاننے کی کوشش کریں گے۔