پٹنہ، 3/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہاراسٹاف سلیکشن کمیشن (بی ایس ایس سی)پیر لیک معاملے میں آئی اے ایس سدھیر کمار کو بہار حکومت نے جمعہ کو معطل کر دیا ہے، اس سلسلے میں جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے حکم جاری کیا ہے۔بہار ایس آئی ٹی کی ٹیم نے کمیشن کے صدر آئی اے ایس سدھیر کمار کو معاملے میں اہم ملزم بتایا تھا۔گذشتہ ہفتے انہیں جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں واقع ان کی آبائی رہائش گاہ سے ان کے پانچ رشتہ داروں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔1987بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر سدھیر کمار کو لے کر بہار آئی اے ایس ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے گورنر رام ناتھ کوند کو ایک میمورنڈم سونپا تھا جس میں ایسوسی ایشن نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ انہیں رہا کیا جائے۔ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ اب وہ کسی کا بھی زبانی حکم نہیں مانیں گے، ساتھ انہوں نے اس کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف سکریٹری انجنی کمار سے بھی ملاقات کر کے ایک میمورنڈم انہیں سونپا تھا۔وہیں جمعہ کو اس معاملے میں کمیشن کے سکریٹری پرمیشور رام کی عدالت میں پیشی نہیں ہو سکی، پرمیشور رام کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیشی ہونی تھی، لیکن لنک فیل ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔واضح رہے کہ بہار کے اس سرخیوں میں چھائے پیپر گھوٹالہ میں آئی اے ایس سدھیر کمار کا نام آنے پر وہاں کی آئی اے ایس لابی نے تحریک چھیڑدیا تھا اور گورنر کے سامنے بھی اپنے مطالبہ کو رکھا تھا۔