پٹنہ، 9/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار میں منگل کی صبح آئی تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے 9افراد کی موت ہو گئی۔بہار کے شمال مشرق اور جنوبی حصوں کے کچھ اضلاع اس سے متاثر ہوئے۔پورنیہ، مدھے پورہ، کھگڑیا، مدھوبنی،سپول،لکھی سرائے، کیمور اور اورنگ آباد میں تیز ہوائیں چلیں اور کچھ مقامات پر تیز بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے، جس سے مکئی کی کھیتی کو نقصان پہنچا ہے۔مدھوبنی میں ایک مندر کا گنبد بھی گر گیاہے، کئی مقامات پر درخت کے گرنے کی خبریں بھی ہیں۔بہار حکومت کے محکمہ آفات مینجمنٹ کے پرنسپل سکریٹری پرتیہ امرت کے مطابق،بہار میں 6افراد کی موت بجلی گرنے سے اور 2افراد کی موت درخت گرنے سے ہوئی ہے۔ بجلی گرنے سے سپول، پورنیہ، مدھے پورہ، مدھوبنی اور کیمور میں دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔اس کے علاوہ اورنگ آباد میں دو لوگوں کی موت کی اطلاع ہے۔وہیں، درخت کے نیچے پناہ لینے والے دو لوگوں کی موت ہوئی ہے، جن میں سے ایک پٹنہ ضلع کے منیر اور دوسرا واقعہ لکھی سرائے کے سوریہ گڑھ میں پیش آیا ہے۔اس کے علاوہ داناپور سے دیارا کو جوڑنے والا پیپا پل بھی آندھی میں منہدم ہو گیاہے۔ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کا کہنا ہے کہ باقی اضلاع سے بھی نقصان کی معلومات مانگی گئی ہیں۔