بھٹکل 14/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل کے جانے مانے بزنس مین مرحوم لیاقت علی عسکری کے چھٹویں فرزند ابراہیم خلیل عسکری کی شادی کے موقع پر عسکری خاندان کا شجرہ (Family Tree) کا اجراء کیا گیا جس میں بھٹکل کے عسکری خاندان کے سات پشتوں کے لوگوں کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
دلہا ابراہیم خلیل عسکری کے بڑے بھائی اور مرحوم لیاقت علی عسکری کے سکینڈ نمبر فرزند عُبیداللہ عسکری نے خاندانی شجرہ کا اجراء کرتے ہوئے بتایا کہ اس شجرے میں عسکری خاندان کے ابتداء سے لے کر اب تک کی تمام سات پشتوں کے تعلق سے معلومات فراہم کی گئی ہے۔ عبیداللہ عسکری قریب سات آٹھ سالوں سے اس شجرے کی تیاری میں جٹ گئے تھے، کافی لوگوں سےملاقات کرکے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے ۔ انہوں نے شجرے کی شروعات محی الدین عسکری سے کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سے پہلے کا ایک نام چھوٹ گیا ہے۔ مزید بتایا کہ انہیں اس کام کی تکمیل کے لئے ان کے والد مرحوم لیاقت علی عسکری اور چاچا مرحوم عبدالروف عسکری نے مکمل تعاون کیا، اسی طرح انہوں نے اپنی والدہ، اپنی اہلیہ، اپنے تمام بھائیوں اور بہنوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ساتھ ساتھ انہوں نے عسکری خاندان کے ان دیگر لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کام کے لئے معلومات فراہم کیں۔ شادی کی تقریب میں انہوں نے والد اور چچا کی طرف سے شجرہ تیار کرنے میں تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے اُن کی مغفرت کے لئے بھی دُعا کی ۔ بتاتے چلیں کہ ان کے والد اور چچا دونوں دو سال قبل ہی انتقال فرماگئے تھے۔ اللہ دونوں کو غریق رحمت کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اٰمین۔

عُبیداللہ عسکری کے مطابق بھٹکل میں یہ پہلا خاندانی شجرہ بنایا گیا ہے جس میں پورے عسکری خاندان کا احاطہ کیا گیا ہے، ان کے مطابق اس شجرے میں پوری کوشش کی گئی ہے کہ کسی کا بھی نام نہ چھوٹنے پائے، پھر بھی دو نام رہ گئے ہیں، اُس تعلق سے انہوں نے بتایا کہ اگر کسی ذرائع سے وہ نام بھی معلوم ہوتے ہیں تو اُسے آئندہ شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا عسکری خاندان متحدہ عرب امارات، یمن، مسقط، بحرین، سعودی عربیہ، ترکی یہاں تک کہ ایران میں بھی موجود ہیں، ان کا خیال ہے کہ بھٹکل میں عسکری خاندان یمن سے آیا تھا۔ شجرہ کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی، اس تعلق سے انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے جدہ میں اپنے والد کا کاروبار سنبھالا تو ان کے خاندان کے کافی لوگوں کے تعلق سے وہ تذبذب کا شکار ہوگئے تھے کہ فلاں شخص کا ان سے کیا رشتہ ہے، فلاں شخص بھی عسکری ہے تو وہ کون ہے ۔ اپنے ہی خاندان کے کافی لوگوں کے بارے میں نہ جاننے کے نتیجے میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ پورے عسکری خاندان کا شجرہ تیار کریں گے۔ ان کے مطابق بھٹکل میں سلطان اسٹریٹ، خلیفہ اسٹریٹ، ڈونگر پلی ، گڈ لک روڈ ، آزاد نگر اور کارگیدے سمیت بھٹکل کے دیگر کئی علاقوں میں بھی عسکری خاندان پھیلا ہوا ہے۔
عُبیداللہ عسکری نے اپنے خاندان کا شجرہ تیار کرکے دوسروں کے لئے ایک نمونہ پیش کیا ہے، جس کو سامنے رکھ کر دیگر خاندان والے بھی اپنا شجرہ تیار کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو لوگ اپنے ماضی کی داستان، حسب و نسب اور ثقافت کو نہ جانتے ہوں تو اُن کی مثال ایسے درخت کے مانند ہے جس کی جڑٖ نہ ہو۔ ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ ہمارے آبا و اجداد کون تھے، ا س شجرہ کے ذریعے ہم مستقبل کے لئے بھی اپنے رشتہ داروں کا ریکارڈ رکھ سکیں گے جو ہمیں اپنے اباواجداد سے جوڑ کر رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ میری ذاتی کاوش ہے لیکن اس منصوبے کے پیچھے میرے والد مرحو م جناب لیاقت علی عسکری اور میرے چچا مرحوم جناب عبدالرؤوف عسکری ہیں۔ میں ان دونوں کے لیے اس موقع پر دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کی بھرپور مغفرت فرمائے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج ہم اپنے ہی خاندان کے بہت سارے لوگوں کو ٹھیک طرح سے نہیں جانتے کہ ہمارے رشتہ دار کہاں کہاں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بھٹکل کے دیگر خاندان والوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنے بڑوں اور بزرگوں کی موجودگی میں ہی اپنا خاندانی شجرہ تیار کریں ، اس میں تاخیر کریں گے تو آئندہ چل کر شجرہ کرنے میں بہت زیادہ دشواری ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس شجرہ کی مدد سے ہمیں ااپنے رشتہ داروں سے جُڑے رہنے میں آسانی ہوگی، ورنہ انٹرنیٹ اور سوشیل میڈیا کے اس دور میں لوگ ایک دوسرے سے بچھڑتے جارہے ہیں اور نئی نسل اپنے خاندان والوں سے ہی دور ہوتی جارہی ہے۔ اگر ہمیں اپنے خاندان سے لگے رہنا ہے تو پھر ہمیں اپنے خاندان کا پورا شجرہ معلوم ہونا چاہئے اور ہمیں اپنے رشتہ داروں سے نہ صرف رشتہ داری نبھانا چاہئے بلکہ اپنے رشتہ داروں کا خیال بھی رکھنا چاہئے۔
بتاتے چلیں کہ آج 14 اگست بروز اتوار کو بھٹکل کے کارگیدے میں ابراہیم خلیل عسکری کا نکاح ہوا۔ اس موقع پر دلہا کے سبھی بھائی عبداللہ ، عبیداللہ ، مذکر ، فضل اللہ ، ہدایت اللہ اور ابراہیم خلیل عسکری سمیت دونوں بہنیں اور بہت سارے دیگر رشتہ دار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عُبیداللہ نے عسکری خاندان کے افراد سے اس بات کی درخواست بھی کی کہ اگر کوئی نام چُھوٹا ہو، یا نام لکھنے میں کوئی غلطی ہوئی ہو تو ان سے موبائل نمبر 9867911298 پر رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ شجرہ میں کسی طرح کی غلطی پائی جانے کی صورت میں اُسے درست کیا جاسکے۔