ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: شاتم رسول نوپور شرما پر یو اے پی اے کے تحت معاملہ درج کرکے گرفتار کرنے بھٹکل میں ایس ڈی پی آئی نے کیا احتجاجی مظاہرہ

بھٹکل: شاتم رسول نوپور شرما پر یو اے پی اے کے تحت معاملہ درج کرکے گرفتار کرنے بھٹکل میں ایس ڈی پی آئی نے کیا احتجاجی مظاہرہ

Thu, 09 Jun 2022 19:59:49    S.O. News Service

بھٹکل 9 جون (ایس او نیوز) نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی کرکے دین اسلام کی توہین کرنے اور مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے والی  بی جے پی کی معطل قومی ترجمان نوپور شرما کو یو اے پی اے کی سخت دفعات کے تحت  گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعرات کو بھٹکل میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئیٰ) نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پرانے تحصیلدار دفتر کے باہر جمع ہوکر بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئےایس ڈی پی آئی ضلعی صدر محمد توفیق بیری نے کہا کہ  نوپور شرما  کو  بی جے پی نے  اپنی پارٹی سے معطل  ضرور کیا ہے، لیکن حکومت ہند نے اُس کے خلاف  ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا  کہ نوپور شرما سمیت جو بھی لوگ اشتعال انگیز خطاب کے ذریعے  عوام کے جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں تماموں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ اور بی جے پی کی مودی حکومت  جو ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، فوری  مستعفی ہوجائے۔ توفیق بیری نے بتایا کہ آج  نوپور شرما کے خلاف کسی بھی طرح کی کاروائی نہ ہونے پر صرف مسلم ممالک ہی نہیں بلکہ مغربی ممالک میں بھی آواز اُٹھنی شروع ہوچکی ہے ۔ اسی وجہ سے  آج ہندوستانی پروڈکٹ کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔

توفیق بیری نے بتایا کہ جیسے ہی ہندوستانی پروڈکٹس کا  بعض ممالک میں بائیکاٹ شروع ہوا،  بی جے پی نے فوراً  نوپور شرما کو بی جے پی سے باہر کا راستہ دکھایا، اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت ہند کے لئے انڈیا کی بے عزتی بڑی بات نہیں ہے، حکومت ہند کو اس بات کاڈر ہے کہ کہیں امبانی اور اڈانی کا شئیر مارکٹ نہ گرجائے۔ یہی وجہ ہے کہ برسراقتدار بی جے پی نے نوپور شرما کو  پارٹی سے  معطل کردیا۔

ایس ڈی پی آئی کے اسمبلی صدر محمد ثاقب نے استقبال کرتے ہوئے آخر میں شکریہ ادا کیا،  ضلعی جنرل سکریٹری  وسیم منیگار نے  آر ایس ایس ، بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف  سخت نعرے لگائے ، ساتھ ساتھ اس بات کے بھی نعرے لگائے کہ نوپور شرما کو یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا جائے  اور اسے   ملک  بدر کیا جائے ۔ نعرے بازی کرتے ہوئے  ایس ڈی پی آئی کے کارکنان نے بی جے پی کے غنڈوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں انڈیا میں رہنا ہے تو دستور کے مطابق چلنا ہوگا، ہندوستان میں رہنا ہے تو دنگے بند کرنا ہوگا، خاکی چڈی چھوڑنا ہوگا، بھید بھاو کو بھولنا ہوگا، اس طرح کے بھی نعرے لگائے گئے کہ  ایس ڈی پی آئی اب   دھرم پر حملوں کو نہیں سہے گی۔ نبی کی جس نے ذلت کی ہے، ایس  ڈی پی آئی  اُس کو نہیں سہے گی۔ کجریوال کی خاموشی اور دہلی کی لاپرواہی پر بھی ایس  ڈی پی آئی نے اپنے نعروں میں سوال اُٹھائے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی  کے کافی کارکنان موجود تھے۔


Share: