بھٹکل 4اگست (ایس او نیوز) رابطہ سوسائٹی کی جانب سے عمدہ تعلیمی کارکردگی کے لئے دیا جانے والا " بہترین اسکول" ایوارڈامسال بھی انجمن حامئی مسلمین کے تحت چلنے والے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے حصے میں آیا۔ یاد رہے کہ تین سال سے مسلسل یہ خاص ایوارڈ پانے میں اسلامیہ اینگلواردو ہائی اسکول کامیاب رہا ہے۔
اس تعلق سے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اسکول کے ہیڈماسٹر جناب شبیر دفعدار نے بتایا کہ مسلسل تین سال سے ایوارڈ اسی اسکول کو ملنا اس کی بہترین مجموعی کارکردگی کا غماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکول میں ایک طرف تعلیمی معیارترقی پر ہے تو دوسری طرف اسپورٹس کے میدان میں بھی ہمارے طلباءنمایاں کامیابی درج کر رہے ہیں۔ ہر سال ہمارے طلباءریاستی اور ملکی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے منتخب ہورہے ہیں۔ ہمارے اسکول کے طلباءنے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کردکھایا ہے۔ اس کے پیچھے جہاں طلباءکی اپنی صلاحیتیں ہیں، وہیں پر ہمارے اساتذہ کی محنت ، دلچسپی اور تعاون کا بڑا ہاتھ ہے۔جس کی وجہ سے ہمارے اسکول کو بڑی کامیابی ملی ہے۔