بھٹکل 4/ستمبر (ایس او نیوز): اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کی بھٹکل یونٹ کی جانب سے ’’Imprints of the Past‘‘ کے عنوان سے انٹر کالج ہسٹری فئیر کا انعقاد شمس اسکول میں کیا گیا۔
فئیر میں بھٹکل کے مختلف پری یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں کی 12 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم تین طلبہ پر مشتمل تھی، جنہوں نے اپنی ریسرچ اور مطالعے کی بنیاد پر تیار کیے گئے مختلف تاریخی ماڈلس پیش کیے۔
جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مولانا سید زبیر ایس ایم نے فئیر کا افتتاح کرنے کے ساتھ افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر طلبہ کے علاوہ تعلیمی اور سماجی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ایس آئی او بھٹکل یونٹ کے صدر محمد زیان نے تاریخ کے مطالعے کی اہمیت اور تنظیم کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ایس آئی او آف انڈیا کے سابق سیکریٹری نہال کڈیور نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ماضی اور تاریخ کا گہرا مطالعہ کریں۔

قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے جنرل سیکریٹری اسحاق شاہ بندری اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سیکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اس طرح کے مزید تعلیمی پروگرام منعقد کرنے اور ان کے تسلسل پر زور دیا۔
فئیر میں طلبہ، ماہرین تعلیم اور مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اختتامی اجلاس کی صدارت ایس آئی او بھٹکل یونٹ کے صدر محمد زیان نے کی۔ اس موقع پر معروف صحافی اور تنظیم کے سابق جنرل سیکریٹری ڈاکٹر حنیف شباب اور مورخ پروفیسر ایم ایس گوروراج نے شرکاء کی کوششوں کو سراہتے ہوئے طلبہ کو تاریخ کے مطالعے کے ساتھ اپنی تحقیقی اور تجزیاتی صلاحیتیں بھی بہتر بنانے کی تلقین کی۔
شمس پری یونیورسٹی کالج (بوائز) کی دو ٹیموں نے بالترتیب پہلا اور دوسرا انعام حاصل کیا۔ پہلا انعام حاصل کرنے والی History Hawks ٹیم میں عثمان غنی ہلارے، اسرار احمد خطیبی اور رضوان ائیکیری شامل تھے، جبکہ دوسرا انعام حاصل کرنے والی Ibn Sina ٹیم میں محمد اذہان، محمد عرفات اور عبد البدیع شامل تھے۔
انجمن پی یو کالج فار ویمن، بھٹکل کی Shore of Legacy ٹیم نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ ٹیم میں عائشہ شہامہ مہک، روچیتا مدھوکر نائک اور ماریہ قبطیہ شامل تھیں۔
اس کے علاوہ انجمن ڈگری کالج فار ویمن اور شمس پری یونیورسٹی کالج (بوائز) کی ٹیموں کو دو اعزازی انعامات بھی دیے گئے۔
منتظمین کے مطابق پروگرام کا مقصد طلبہ میں تاریخ کے مطالعے، ریسرچ اور اپنے تاریخی ورثے سے آگاہی کا شعور پیدا کرنا تھا۔
اس موقع پر ایس آئی او کیمپس سیکریٹری سید سابق برماور، میڈیا سیکریٹری مشائخ طالش، ثمامہ خان اور غطریف رضا مانوی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔