ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: رابطہ ایوارڈ تقریب کی تیاریاں زوروں پر جاری؛ عالمی شہرت یافتہ پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ٹرینرمنورزماں کریں گے شرکت

بھٹکل: رابطہ ایوارڈ تقریب کی تیاریاں زوروں پر جاری؛ عالمی شہرت یافتہ پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ٹرینرمنورزماں کریں گے شرکت

Fri, 22 Jul 2022 22:16:41    S.O. News Service

بھٹکل 22 جولائی (ایس او نیوز) 31 جولائی کو منعقدہ رابطہ تعلیمی ایوارڈ  تقریب کی تیاریاں زوروں پر جاری ہیں۔ ایک طرف نوائط کالونی وائی ایم ایس اے میدان میں اسٹیج تیار کیا جارہا ہے تو دوسری طرف رابطہ سوسائٹی دفتر میں اسکولوں اور والدین کی طرف سے موصولہ ہونہار طلبہ کی لسٹ میں سے ٹاپرس کی کانٹ چھانٹ جاری ہے۔

26 سالوں سے جاری رابطہ ایوارڈ تقریب گذشتہ دو سال کورونا وباء کے چلتے منعقد نہیں کی جاسکی تھی، مگر اس بار اُن دو سالوں کے ہونہار اور تعلیمی میدان میں ٹاپ کرنے والوں کو اِس بار کی منعقدہ تقریب میں ایوارڈ سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یعنی اِمسال کی تقریب میں سال 2021 کے ٹاپرس کے ساتھ ساتھ 2019 اور 2020 کے ٹاپرس کوبھی رابطہ تعلیمی ایوارڈ سے محروم نہیں کیا جائے گا اور اُن کی بھی بھرپور حوصلہ آفزائی کی جائے گی۔ پتہ چلا ہے کہ 70/75 طلبہ کو اس بار ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس بار تعلیمی میدان میں بعض خصوسی طلبہ کو بھی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہےاس میں ایک ایسے طالب علم کا نام بھی شامل ہوسکتا ہے جس نے معذورہونے کے باوجود تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی درج کی اور اچھے اچھوں کو شرمندہ کرکے مثال قائم کیا۔ فی الحال ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی حتمی لسٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔

نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل مسلم خلیج کونسل یا رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن مُنیری نے بتایا کہ ہمیشہ یہ تقریب شام کو ہوا کرتی تھی، مگر چونکہ اس بار تین سالوں کے ٹاپرس کو ایوارڈ دینا ہے اس لئے دو نشستوں کے ساتھ صبح ساڑھے دس بجے ہی پروگرام شروع ہوگا اور شام سات بجے اختتام کو پہنچے گا۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر ماہرین تعلیم تشریف فرما ہوں گے۔ پونے سے بی اے انعامدار یونیورسٹی کے ڈائرکٹرڈاکٹر پی اے انعامدار اور لکھنو سے جمعیۃ العلماء ہند کے نائب صدر اور دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا سلمان بجنوری طلبہ اور والدین سے خطاب فرمائیں گے۔ ان کے ساتھ ساتھ عالمی شہرت یافتہ پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کے ٹرینرمحمد منور زماں بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کے گُربتائیں گے۔

اِس بار پہلی مرتبہ رابطہ ایوارڈ تقریب نوائط کالونی میں منعقد کی جارہی ہے، جس کو دیکھتے ہوئے نیچے والے علاقوں اور قدیم محلوں کے لوگوں کو پروگرام گاہ تک پہنچانے اور واپس لے جانے کے لئے سواریوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ عوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ اس پروگرام مٰیں شریک ہوکر طلبہ کی بھرپور حوصلہ آفزائی فرمائیں۔ بتایا گیا ہے کہ خواتین کے لئے بھی خصوصی نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

شخصیت سازی کا اہم پروگرام: اگلے روز یعنی یکم اگست شام ساڑھے چار بجے طلبہ اور والدین کے لئے شخصیت سازی کا ایک بے حد اہم اور منفرد پروگرام منعقد کیا گیا ہے جس کے لئے خصوصی طور پر عالمی شہرت یافتہ پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ٹرینرمحمد منورزماں تعلیمی میدان سمیت عملی میدان میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے گُربتائیں گے۔ اس پروگرام میں بھٹکل کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقوں مرڈیشور، منکی، ولکی، شیرور، بیندور، گنگولی وغیرہ کے طلبہ اور ان کے والدین کو بھی شریک ہونے کا سنہری موقع فراہم کیا گیا ہے۔ عوام الناس سے کثیر تعداد میں اس پروگرام میں شریک ہونے کی درخواست کی گئی ہے۔ خواتین کے لئے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

 

رابطہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا، قارئین سے درخواست کی جاتی ہے کہ پروگرام شروع ہوتے ہی موبائل پر مسیج موصول ہونے کے لئے پہلی فرصت میں مندرجہ ذیل دونوں یو ٹیوب چینل پر جاکر سبسکرائب بٹن پر کلک کریں۔

https://www.youtube.com/sahilonline

https://www.youtube.com/sahilonlinevideo


Share: