ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : دیکھ بھال کے نہ ہونے سے 2 ایمبولینس گاڑیوں کو لگ رہا ہے زنگ !

بھٹکل : دیکھ بھال کے نہ ہونے سے 2 ایمبولینس گاڑیوں کو لگ رہا ہے زنگ !

Sun, 17 Jul 2022 20:59:24    S.O. News Service

بھٹکل 17 / جولائی (ایس او نیوز) تعمیراتی اور دیگر مزدوروں کی فلاح کے لئے قائم بلڈنگ اینڈ آدر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ کی عطیہ مزدوروں کے لئے موبائل طبی جانچ کے مقصد سے خریدی گئی دو ایمبولینس گاڑیاں کسی بھی دیکھ ریکھ کے بغیر میدان میں کھڑی کھڑی زنگ کھا رہی ہیں۔ 
    
سرکاری قانون کے مطابق یہ ان ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعہ موبائل ہیلتھ چیک اپ کا کام کاروار میں واقع اپولو کلینک کو انجام دینا ہے ۔ لیکن گزشتہ کچھ مہینوں سے یہ ایمبولینس گاڑیوں کو بھٹکل میں یونہی پارک کرکے چھوڑ دیا گیا ہے ۔ مزدوروں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے مزدوروں کے ویلفیئر فنڈ سے خریدی گئی گاڑیوں کا نہ صحیح استعمال ہو رہا ہے اور نہ ہی ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے ۔ اس طرح لاکھوں روپے مالیت کی ان گاڑیوں کو زنگ آلود ہونے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ سابقہ حکومت کی میعاد میں مزدوروں کے لئے موبائل ہیلتھ چیک اپ کی یہ اسکیم شروع کی گئی تھی ۔ اس وقت بھٹکل میں موجود لیبر ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر گروپرساد نے بھٹکل ہوناور حلقہ کے لئے یہ دو گاڑیاں خریدی تھیں ۔ ہوناور علاقے میں مزدوروں کی طرف سے اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا تھا ۔ پھر ایم ایل سی الیکشن کے وقت ضابطہ اخلاق جاری ہونے پر اس گاڑیوں کے ذریعہ دی جارہی خدمات کو روک دیا گیا تھا ۔ تب سے اب تک یہ دونوں گاڑیاں جہاں کھڑی کی گئی تھیں ، وہی پڑی ہوئی ہیں اور اس کی خبر لینے والا کوئی نہیں ہے۔ 
    
ایک حیران کن بات یہ ہے کہ موبائل ہیلتھ چیک اپ کی ان گاڑیوں پر اپولو کلینک کا نمبر اور مقام  کاروار لکھا ہوا ہے ، مگر رابطہ قائم کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ کاروار میں اپولو کلینک کا کوئی وجود نہیں ہے بلکہ اس کا مرکز بنگلورو میں ہے۔ 
    
بھٹکل میں لیبر انسپکٹر کے منصب پر تعینات تیرتھ بابو سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ لیبر انسپکٹر کے طور پر ابھی حال ہی میں  ان کی تعیناتی ہوئی ہے اور ایمبولینس کے بارے میں یا پھر اس کا استعمال اور دیکھ بھال کرنے والی ایجنسی کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں ہے۔  


Share: