بھٹکل 24 / جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے جالی میں پچھلے دنوں مکہ مسجد کے سامنے 'دیوی نگر' کا بورڈ نصب کرنے کے ساتھ وہاں پر بھگوا جھنڈا لہرانے کی کوشش اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کا سبب بننے والے سنگھی کارکنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی طرف سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو میمورنڈم سونپا گیا ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ جالی پٹن پنچایت کے کوارٹرس کے پاس واقع مسجد کے سامنے غیر قانونی طور پر بھگوا جھنڈا لہراتے ہوئے ایک بورڈ آویزاں کرنے کی کوشش کی گئی ۔ اس مسئلہ پر تکرار اور تصادم کا ماحول پیدا کرتے ہوئے دَیا جالی، کرشنا نائک اسارکیری، شرینواس نائک ہنومان نگر، شریکانت نائک سمیت سنگھ پریوار کے غنڈوں اور کارکنان نے وہاں بد امنی کا ماحول پیدا کیا ۔
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ سنگھ پریوار کے ان کارکنان نے اس سے پہلے 14/09/2017 کو بھٹکل ٹی ایم سی کے دفتر پر بھی سنگ باری کرتے ہوئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا تھا ۔ اس موقع پر بھٹکل میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور بد امنی پیدا کرنے کے الزام میں ان افراد پر مقدمہ بھی دائر ہوا تھا ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اب جالی میں جو کچھ بھی ہوا ہے اس کے پیچھے فرقہ وارانہ دشمنی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔ فی الحال پٹن پنچایت کے افسران نے وہاں 'جوں کی توں حالت' برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قانون اور امن و امان کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کڑی قانونی کارروائی کی جائے ۔ اور کسی صورت سنگھی کارکنان کے دشمنی بھرے مطالبات پورے نہ کیے جائیں ۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی ضلعی صدر توفیق بیری، ضلعی جنرل سکریٹری وسیم منیگار، ایس ڈی پی آئی اسمبلی حلقہ کے صدر مقبول شیخ اور اسمبلی حلقہ کے سکریٹری عبدالسمیع موجود تھے۔