بھٹکل 7 / جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت پورے ساحلی کرناٹکا میں زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ بارش کے چلتے ایک طرف لوگ گھروں کے اندر ہی قید ہوگئے ہیں وہیں بازاروں میں لوگوں کی چہل پہل نہ ہونے سے کاروبار میں بھی فرق پڑ گیا ہے۔
موسلا دھار بارش کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے 7 جولائی کو ساحلی علاقہ کے لئے جو ریڈ الرٹ جاری کیا تھا اس میں اب مزید 48 گھنٹوں کی توسیع کرتے ہوئے 8 اور 9 جولائی تک ضلع شمالی کینرا ، اڈپی اور جنوبی کینرا کے لئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ اسی کے ساتھ کل جمعہ کو بھی ضلع اُترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع کے تمام اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کی گئی تازہ جانکاری کے مطابق آئندہ دو دنوں تک بہت ہی زیادہ مقدار میں برسات ہونے کے امکانات ہیں ۔ متوقع طور پر اس دوران 204 ایم ایم بارش ہوگی ۔

اس کے علاوہ 10 اور 11 جولائی کے لئے بھی تیز برسات ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے پیشگی طور پر ان تینوں اضلاع کے لئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دو تین دنوں تک سمندر میں بہت ہی تیز اور خوفناک لہریں اٹھنے کی توقع ہے اس لئے ماہی گیروں اور سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سمندر سے دور رہیں۔ اس دوران درپیش قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے نیشنل ڈیسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی کے 60 اور اسٹیٹ ڈیسیاسٹر منیجمنٹ اسکواڈ کے 67 اراکین پر مشتمل ٹیم کو تیار رکھا گیا ہے ۔