بھٹکل ،28 ؍ جون (ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی مجوزہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بھٹکل تعلقہ آفس کے روبرو میدان میں بلاک کانگریس کی طرف سے احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر آئیوان ڈیسوزا نے کہا کہ اگنی اسکیم ملک کی مسلح افواج کے لئے نقصان دہ ہے ۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے مستقبل اور ملک کی ترقی کے لئے بھی تباہ کن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہر بار ایسی اسکیمیں اور منصوبے لا رہی ہے جو تباہ کن اور خطرناک ہوتے ہیں ۔ اگنی پتھ اسکیم کے تحت چار سال فوجی تربیت اور خدمت کے بعد واپس لوٹائے گئے نوجوانوں کا مستقبل کیا ہوگا ، اس کا کوئی جواب حکومت کے پاس نہیں ہے ۔ حکومت ایک طرح سے یہ اسکیم عوام پر زبردستی تھوپ رہی ہے ۔
سابق وزیر آر این نائک نے مرکزی حکومت نوجوانوں کو اس اسکیم کے ذریعے شال پہنا کر ان کے ذہن و دل بدلنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اب نوجوانوں کو یہ سوچنا ہے کہ انہیں شال اوڑھنا ہے یا پھر اپنے بل بوتے پر ملازمت تلاش کرکے اپنی زندگی سنوارنا ہے ۔ جانکاری رکھنے والے لوگ اپنے بچوں کو اچھی زندگی بنا کر دیتے ہیں ۔ متوسط اور غریب طبقہ کے نوجوان ہی اس طرح کی اسکیموں کی بھینٹ چڑھتے ہیں ۔ اس بارے میں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔
ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر بھیمنّا نائک نے کہا کہ مرکزی حکومت کی یہ خواہش یہ نہیں ہے کہ عوام اور نوجوانوں کے لئے آگے بڑھ کر ترقی کریں ۔ اپنا مفاد حاصل کرنے کے لئے بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت عوام کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔ فوج میں بھرتی کوئی کھیل نہیں ہے ۔ اس کے اپنے قوانین و ضوابط ہیں ۔ یہ بات آج کے نوجوانوں کو سمجھنی چاہیے ۔
اس موقع پر بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک ، سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا ، جے ڈی نائک ، ضلع پنچایت سابق صدر جئے شری موگیر ، منکی بلاک کانگریس صدر گووند نائک ، ضلع کانگریس مائناریٹی سیل صدر عبدالمجید ، تعلقہ پنچایت سابق صدر ایشور نائک کے علاوہ دیگر کانگریسی لیڈران اور کارکنان موجود تھے ۔