ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : اشیائے ضروریہ پر بھی جی ایس ٹی لگاتے ہوئے حکومت نے عوام کی زندگی جہنم بنا کر رکھ دی : ویلفیئر پارٹی صدر طاہر حسین 

بھٹکل : اشیائے ضروریہ پر بھی جی ایس ٹی لگاتے ہوئے حکومت نے عوام کی زندگی جہنم بنا کر رکھ دی : ویلفیئر پارٹی صدر طاہر حسین 

Tue, 19 Jul 2022 11:10:55    S.O. News Service

بھٹکل ،19؍ جولائی (ایس او نیوز) ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے صدر طاہر حسین نے  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ ایک طرف ملک میں صدر ہند کا انتخاب چل رہا ہے اور دوسری طرف مرکزی حکومت نے دودھ ، دہی اور چھانچ جیسی اشیائے ضروریہ پر بھی جی ایس ٹی لگا کر مہنگائی کو ایک اور سطح تک پہنچا دیا ہے ۔ اس طرح لوگوں کی زندگی کو جہنم بنانے کا کام کیا جا رہا ہے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ اب تک پٹرول ، ڈیزل اور دیگر ضروری چیزوں کی آسمان چھوتی قیمتوں سے لوگ پریشان ہوگئے تھے ۔ ایسے میں اشیائے ضروریہ اور خدمات کو بھی جی ایس ٹی کے دائرے میں لا کر ان کی قیمتیں بڑھانے کا راستہ ہموار کیاگیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ عوام کے مفادات پورے کرنے والی حکومت ہے یا پھر ان کی زندگی کو عذاب بنانے والی حکومت ہے ۔ مزید کہا کہ اقتصادی اصلاحات کے نام پر عوام کی زندگی پر حملہ قابل مذمت ہے ۔ 
    
طاہر حسین نے کہا کہ ہم نے ضلع شمالی کینرا کے سیلاب سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا ۔ ضلع انتظامیہ متاثرین کی راحت کاری میں ناکام  ہے ۔ یہاں کے ضلع انچارج وزیر یا اراکین اسمبلی اس ضمن میں کوئی اقدام نہیں کر رہے ہیں ۔ ہر سال یہاں کے لوگ قدرتی آفات سے متاثر ہوتے ہیں ۔ اگر پیشگی احتیاط برتی جائے اور اقدامات کیے جائیں تو بھاری نقصانات اور خطرات سے بچا جا سکتا ہے ۔ لیکن یہاں کے وزیر ، اراکین اسمبلی اور انتظامیہ سب غفلت سے کام لے رہے ہیں ۔ کئی مکانات میں پانی گھس گیا ہے ۔ انہیں عارضی راحت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ حکومت کی طرف سے ان کے مسائل کا مستقل حل نکالا جانا چاہیے ۔  
    
طاہر حسین نے کہا کہ بھٹکل میں اپنے جائز حق کا مطالبہ کرتے ہوئے موگیر سماج والے  گزشتہ 120 دن سے دھرنے پر بیٹھے ہیں ۔ ضلع میں 5 ایم ایل اے ، ایک وزیر اور ایک ایم پی رہنے کے باوجود ایسا لگتا ہے کہ موگیر طبقہ کا یہ مسئلہ حل کرنا ان کے بس میں نہیں ہے ۔ پڑوسی ضلع اڈپی کے دورہ پر آنے والے وزیر اعلیٰ بومئی اپنے اندر موگیر سماج کے مطالبہ کا سامنا  کرنے کی ہمت نہ پا کر واپس لوٹ گئے ۔ آخر یہاں کے اراکین اسمبلی اور وزیر کیا کر رہے ہیں ۔ طاہر حسین نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد موگیر سماج  کے مطالبہ پر غور کرتے ہوئے انہیں انصاف  دلائیں ۔ 
     
اس موقع پر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے  ضلع جنرل سیکریٹری آصف شیخ ، عبدالجبار اسدی اور سید وغیرہ موجود تھے۔ 


Share: