بھٹکل 23 / جولائی (ایس او نیوز) مقامی عوام کی طرف سے شکایت ملنے کے بعد بھٹکل تعلقہ کے مٹھلی میں سنسان جگہ پر واقع ایک کاجو کے گودام پر بھٹکل تحصیلدار ڈاکٹر سومنت ، ٹاون سرکل پولس انسپکٹر دیواکر اور مضافاتی پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک کی قیادت میں چھاپہ مارا گیا ۔ پتہ چلا ہے کہ اس گودام میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے راشن کارڈ پر تقسیم ہونے والے چاول کے 900 سے زائد تھیلے بر آمد ہوئے ہیں جنہیں ضبط کیا گیا ہے۔ چھاپہ ماری کی کاروائی جمعہ دیر رات کو انجام دی گئی۔
اخبارنویسوں کو معلومات فراہم کرتے ہوئے بھٹکل تحصیلدار ڈاکٹر سومنت نے بتایا کہ مُٹھلی کے کڈسل گدّے مجری نامی مقام پر جانکی چندرہاس نائک کے گودام میں مارے گئے چھاپے میں پچاس پچاس کلو کے قریب 939 چاول کے تھیلے برآمد کئے گئے ہیں جس کا وزن قریب 450 کوئنٹل ہے.
پتہ چلا ہے کہ یہ چاول تعلقہ کے مختلف مقامات پر لوگوں سے حاصل کیا گیا تھا ۔ پھر اسے سیمنٹ کے خالی تھیلوں میں بھر کر مشین کے ذریعے سلائی کرکے تھیلوں کا منھ بند کرنے کے بعد اس سنسان جگہ پر خالی پڑے ہوئے گودام میں ذخیرہ کیا گیا تھا ۔ گودام میں بڑی مقدار میں جیوٹ کے خالی تھیلے بھی موجود تھے ۔ چاول کے علاوہ تھیلوں کا منھ بند کرنے کے لئے استعمال ہونے والی سلائی مشین بھی ضبط کر لی گئی ہے ۔ چونکہ سرکاری گودام میں فی الحال اتنی بڑی مقدار میں ضبط کیا گیا چاول رکھنے کی گنجائش نہیں تھی اس لئے جمعہ دیر رات چھاپہ ماری کے بعد چاول سمیت گودام کو بھی ضبط کیا گیا اور اس کی پہریداری کے لئے پولس عملہ کے علاوہ مقامی افراد کو بھی تعینات کردیا گیا تھا۔ مگر آج سنیچر کو تحصیلدار نے بتایا کہ تمام چاول کے تھیلوں کو بندر روڈ پر واقع سرکاری گودام میں منتقل کیا گیا ہے اور بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں اس تعلق سے کیس درج کیا گیا ہے۔
جمعہ شب کوچھاپہ ماری اور چاول ضبط ہونے کی خبر ملتے ہی چاول ذخیرہ کرنے والے ملزمین فرار ہوگئے ۔ چھاپہ ماری کی کاروائی میں تحصیلدار اور پولس انسپکٹرس سمیت فوڈ انسپکٹر پانڈو نائک ، ریوینیو انسپکٹر وشواناتھ گاونکر، دیہی پولیس سب انسپکٹر بھرت کمار ، ٹاون پی ایس آئی سوما ، کڈگنٹی اور عملہ کے دیگرافراد موجود تھے ۔