بھٹکل 21 ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل نیشنل ہائی وے پشپانجلی کراس پر ایک ٹِپر لاری بے قابو ہوکر پہلے ہائی وے پر رکھے بیری کیڈ کے بعد ایک کار کو ٹکر ماردی پھر آگے بڑھتے ہوئے ایک بائک کو کچل کر سڑک کنارے چلی گئی۔حادثہ میں بائک سوار شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال پہنچے تک دم توڑ دیا۔ حادثہ بدھ صبح قریب نو بجے پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت منجوناتھ گونڈا (39) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ جو مُٹھلی پنچایت حدود کے مرمبلّی کا رہنے والا تھا۔
پتہ چلا ہے کہ منجوناتھ سینٹرینگ کا ماہر تھا، اور بائک پر سوار اپنے کام کی غرض سے پشپانجلی کراس سے نیشنل ہائی وے کے ایک طرفہ روڈ کو کراس کرنے کے بعد منکولی روڈ سے بھٹکل بازار جانے کے لئے سڑک کے درمیان ڈیوائیڈر کے قریب موجود پولس بیری کیڈ کی آڑ میں ٹریفک کم ہونے کا انتظار کررہا تھا کہ اچانک جیلّی سے بھری ٹِپر لاری جو کنداپور سے ہوناور کی طرف جارہی تھی بے قابو ہوکر پہلے بیری کیڈ کو اُڑا دیا، پھر سامنے سے گذررہے ایک کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی، پھر بیری کیڈ کی آڑ میں کھڑی منجوناتھ کی بائک کو روندتے ہوئے سڑک کنارے کی طرف آگے بڑھ گئی۔ حادثے میں منجوناتھ کا ایک پائوں بری طرح کچل گیا اور وہ شدید زخمی ہوگیا، مقامی لوگوں نے منجوناتھ کو فوری سرکاری اسپتال لے جانے کی کوشش کی، مگر بتایا گیا ہے کہ اُس نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔ جائےوقوع پر کثیر مقدار میں خون بہہ گیا تھا، جہاں لوگوں نے پانی بہاتے ہوئے خون کو صاف کیا۔
کار پر کسٹم کے کچھ آفسران سوار تھے، کار کو ٹکر مارنے کے بعد کار پوری طرح گھوم گئی، البتہ کار پر سوار سبھی لوگ محفوظ رہ گئے۔
حادثے کی پوری واردات قریب میں موجود ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی، جو بعد میں سو شیل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سرکل پولس انسپکٹر دیواکر سمیت دیگر پولس اہلکار جائے واردات پر پہنچے اور حادثے کا جائزہ لیتے ہوئے ٹِپر لاری ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔ بھٹکل ٹاون پولس معاملہ کی مزید چھان بین کررہی ہے۔
مرمبلّی کے لوگوں نے بتایا کہ حادثہ میں موت کا شکار ہونے والا منجوناتھ ایک بہترین انسان تھا، اس نے اپنے پیچھے بیوی اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔ اچانک انتقال سے گھر والوں سمیت علاقہ میں بھی ماتم چھا گیا ہے۔ بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو گھر والوں کے حوالے کیا گیا اور بدھ شام کو اُس کی آخری رسومات ادا کی گئی۔