ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل نیشنل ہائی وے پر کار حادثے کا شکار؛ ایک کی موت، دو شدید زخمی

بھٹکل نیشنل ہائی وے پر کار حادثے کا شکار؛ ایک کی موت، دو شدید زخمی

Sat, 24 Sep 2022 09:24:16    S.O. News Service

بھٹکل 24 ستمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے    موگلی ہونڈا نیشنل ہائی وے  پر کار اُلٹ جانے کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ اس کے دیگر چار دوست زخمی ہوگئے جن میں سے دو کو شدید زخمی حالت میں مینگلور کے نجی اسپتال  منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ مسجد صہیب رومی کے قریب جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب قریب پونے دو بجے پیش آیا۔

انجمن انجینرنگ کالج کے پانچوں دوست دیر رات تک   امتحانات کی تیاری   کے بعد  چائے پینے  کے لئے  گھر سے نکلے تھے،  شیرور چیک پوسٹ کے قریب واقع ایک ٹھیلے پر چائے کے بعد واپس   لوٹ رہے تھے کہ مسجد صہیب   رومی کے قریب ان کی کار پہلے   سڑک کنارے واقع  پتھروں  سے ٹکراگئی، پھر بے قابو ہوکر  پلٹا  کھاتے ہوئے کافی دور سڑک کے باہر جاگری۔ حادثے میں کار پر سوار تین  لوگ کار سے باہر جاگرے، جس کے نتیجے میں تینوں کو شدید چوٹ لگی جس میں ایک نوجوان جو کار کی ڈرائیونگ کررہا تھا، نے  موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ دیگر دو کو شدید زخمی حالت میں بھٹکل سرکاری اسپتال سے ابتدائی طبی امداد فراہم  کرنے کے بعد مینگلور پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔ کار کی پچھلی سیٹ پر سوار دیگر دو لڑکے معمولی زخموں کے ساتھ محفوظ رہ گئے جنہیں بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے  کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

فوت ہونے  والے  نوجوان کی شناخت  محمداُنیس  ابن محمد امجد خطیب (20) کی  حیثیت سے کی گئی ہے،جبکہ  اسی کے ہم عمر   محمد فُرقان ابن محمد علی باشہ گنگاولی، محمد سُہیل ابن سراج گولیولے، سید اسماعیل ابن سید ابراہیم لنکا اور عبدالرحمن ابن عبدالباسط اکرمی   حادثے میں زخمی ہوئے ہیں جس میں  ابتدائی دو لڑکے شدید زخمی ہوئے ہیں اور دونوں کو مینگلور اسپتال منتقل کیا گیا ہے، صبح ملی اطلاع کے مطابق  ان کی حالت قدرے بہتر ہے اور دونوں خطرے سے باہر بتائے گئے ہیں۔ دیگر دو لڑکے جو کار کے اندر رہنے کی وجہ سے محفوظ رہ گئے،  بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔

پتہ چلا ہے کہ رات قریب پونے  دو بجے  ہائی وے پر سے گذرنے والے چند نوجوانوں نے  کار حادثے کی خبر وہاٹس ایپ کے ایک گروپ پر  شئیر کی اور اطلاع ملتے ہی بھٹکل سے کثیر تعداد میں نوجوان جائے وقوع پر پہنچ گئے، تین لڑکے جو کار کے باہر گرے تھے، اُن میں سے اُنیس  کی موت واقع ہوچکی تھی جبکہ دیگر دو بے ہوشی کی حالت میں تھے۔ تمام لوگوں کو فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پانچوں لڑکے نہایت محنتی  اور شریف ہیں،  انجینرنگ کالج میں گذشتہ کچھ دنوں سے امتحانات جاری ہیں، اب تک دو پرچے ہوچکے ہیں، پیر کو اگلا پیپر تھا،  جس کی وجہ سے یہ لڑکے دیر رات تک امتحانات کی تیاری میں مشغول تھے، کافی پڑھائی کے بعد  اُنیس گھر پر موجود  والد کی کار پر اپنے چار دوستوں کو لے کر چائے کے لئے نکلا تھا، واپسی کے دوران یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا۔

مرحوم اُنیس کے والد امجد خطیب سعودی عربیہ میں جدہ کے قریبی کسی  علاقہ میں  واقع ایک کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں،  گذشتہ ماہ  ہی اُنیس کی والدہ   اپنی ایک بیٹی کو ساتھ لے کر  اپنے شوہر کے پاس چلی گئی تھی، پتہ چلا ہے کہ امتحانات کے بعد اُنیس بھی عمرہ  کے سفر پر روانہ ہونے والا تھا، مگر  اُس سے پہلے ہی    اللہ کا بلاوا آگیا۔

بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد اُنیس کی میت گھروالوں کے حوالے کی گئی۔ بعد نماز ظہر  نوائط کالونی تنظیم جمعہ مسجد میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔


Share: