ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 35 ہزار سے زائد الیکٹری سٹی گاہکوں کو ملے گی مفت بجلی کی سہولت

بھٹکل میں 35 ہزار سے زائد الیکٹری سٹی گاہکوں کو ملے گی مفت بجلی کی سہولت

Mon, 12 Jun 2023 20:24:41    S.O. News Service

بھٹکل 12 / مئی (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی نے بر سر اقتدار آنے پر عوام کو راحت پہنچانے والی پانچ گارنٹیوں کا جو اعلان کیا تھا اس میں گرہہ جیوتی نامی اسکیم بھی ہے جس کے تحت گھریلو استعمال کے بجلی کنکشن پر 200 یونٹس سے کم خرچ کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی ۔ ایک طرف ابھی اس اسکیم کو عمل میں لانے کی تیاریاں جاری ہیں تو دوسری طرف بجلی کے نرخ بڑھانے اور ٹیکس وغیرہ میں اضافہ کیے جانے سے اس مہینے جو بھاری بھرکم بل آئے ہیں اس کی وجہ سے عوام پریشان ہوگئے ہیں ۔ اسی بنیاد پر حکومت کی طرف سے دی گئی موجودہ صورت حال میں عوام گارنٹیوں کے تعلق سے شک و شبہ ظاہرکر رہے ہیں کہ حکومت ایک طرف مفت سہولتیں فراہم کرنے کی بات کہتی ہے اور دوسری طرف بجلی کا نرخ بڑھا کرانہیں لوٹا جا رہا ہے ۔  جبکہ حکومت کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ اس صورتحال کو جلد ٹھیک کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔                   

    ہیسکام کے ایک افسر کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق 'گرہہ جیوتی' اسکیم کے تعلق سے سرکاری گائڈلائنس کے مطابق بجلی صارفین کے سالانہ بجلی خرچ کا اوسط نکالنے کے بعد اس اسکیم سے مستفیض ہونے والوں کی تعداد بھٹکل تعلقہ میں 35  ہزار سے زائد بن رہی ہے ۔ افسر کا کہنا ہے کہ اس وقت بھٹکل تعلقہ میں 41,442 گھریلو بجلی کنکشنس ہیں ۔ ان میں سے 35266 گاہک ایسے ہیں جو 200 یونٹس سے کم خرچ کرنے والے زمرے میں آ رہے ہیں ۔ یعنی اس اسکیم کے لاگو ہونے پربھٹکل تعلقہ کے 85 فیصد بجلی صارفین 'گرہہ جیوتی' اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے مستحق ہونگے ۔ 

    سیاسی تبصرہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پانچ گارنٹیوں کا وعدہ کرکے کانگریس پارٹی نے ریاستی اسمبلی الیکشن میں بے مثال جیت درج کردی ہے ۔ اب ان گارنٹیوں کو پورا کرنے کے ساتھ عوام اور بالخصوص کمزورطبقات میں کانگریس کا اثر و رسوخ بڑھ جائے گا اور آنے والی ضلع پنچایت ، تعلقہ پنچایت اور پارلیمانی انتخابات میں اس کا بھر پور فائدہ کانگریس پارٹی کو ملے گا ۔ 


Share: