ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کار سڑک پر پھسل کر بریج سے ٹکراگئی؛ ایک کی موت، ایک شدید زخمی

بھٹکل میں کار سڑک پر پھسل کر بریج سے ٹکراگئی؛ ایک کی موت، ایک شدید زخمی

Sun, 17 Jul 2022 21:38:51    S.O. News Service

بھٹکل 17 جولائی (ایس او نیوز)  تعلقہ کے بیلکے نیشنل ہائی وے پر ایک تیز رفتار کار سڑک پر پھسل کر بیلکے بریج سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ کار پر سوار اس کی بیٹی شدید زخمی ہوگئی، جسے بھٹکل سرکاری اسپتال  میں ابتدائی طبی امداد  کے بعد منی پال شفٹ کیا گیا ہے۔ حادثہ اتوار شام قریب سات بجے پیش آیا۔

مہلوک کی شناخت بھٹکل ساگر روڈ ، ڈی پی کالونی کے رہنے والے  جوس کُٹّی  (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اس کا آبائی گاوں  کُراچونٹ (کالی کٹ، کیرالہ) ہے۔ مگر کافی عرصہ سے اس کا خاندان بھٹکل میں ہی مقیم  ہے۔

پتہ چلا ہے کہ  پیشہ سے الیکٹریکل کنٹریکٹر جوس اپنی بیٹی  آنو مریہ (18) کو  NEETامتحان  میں شریک کرانے اُڈپی لے جانے کے بعد شام کو اُس کے ساتھ واپس بھٹکل  آرہا تھا کہ  موسلادھار بارش کے دوران اس کی کار  بھٹکل تعلقہ کے بیلکے نیشنل ہائی وے پر پھسل گئی اور سیدھے بے قابو ہوکر  بریج سے ٹکراگئی۔ 

نعش  بھٹکل  سرکاری اسپتال  پہنچائی گئی ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔ 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی  کافی لوگ سرکاری اسپتال پہنچ گئے اور گھروالوں کے ساتھ تعزیت کی۔

پتہ چلا ہے کہ  اس کو ایک  18سالہ بیٹی سمیت  ایک چار سال کا بیٹا بھی ہے اور اس کی اہلیہ چھ ماہ کی حاملہ ہے۔

یاد رہے کہ آج اتوار صبح  ہی بھٹکل   سے قریب  40 کلو میٹر دور  بیندور کے کھمبادُوکونے نیشنل ہائی وے  پر ایک بائک بھی پھسل کر حادثہ کا شکار ہوئی تھی اور بائک پر سوار دو نوجوان  ہلاک ہوگئے تھے۔

بتاتے چلیں کہ بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ دس بارہ دنوں سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،  اور ہائی وے پر اکثر  بڑی سواریوں کا آئیل  رستا رہتا ہے جو بارش کے پانی کے ساتھ مل کر پوری سڑک پر پھیل جاتا ہے، ایسی صورت میں   گاڑیوں کا پھسل جانا عام بات ہے۔ لوگوں کو چاہئے کہ ایسی سڑک پر گاڑیاں چلانے کے دوران احتیاط برتیں ۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے پی ایس آئی بھرت  سرکاری اسپتال پہنچے اور ضروری معلومات حاصل کی۔


Share: