بھٹکل 7 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت نہ صرف ریاست کرناٹک بلکہ پورے ملک میں 10 جولائی کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی، چونکہ ریاست کرناٹک سمیت مہاراشٹرا وغیرہ میں بھی موسلادھار بارش ہورہی ہے، زیادہ تر علاقوں میں عید گاہ کے بجائے جمعہ مساجد میں ہی عید کی دوگانہ ادا کرنے کی توقع ہے۔
ریاست کرناٹک میں بڑے جانوروں کے ذبح پر پابندی عائد کئے جانے کی وجہ سے اِس بار عید سے پہلے عید کو لے کر جس طرح کا جوش و خروش بھٹکل اور دیگر علاقوں میں نظر آتا تھا، وہ اس بار دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے، کہیں پر بھی جانوروں کا بازار نہیں لگا ہے، البتہ اس بار بکروں کا بزنس بہت اچھا ہونے کی توقع ہے اورزیادہ تر لوگ اللہ کے حضور بکروں کی ہی قربانی دینے کا من بنالیا ہے۔
عید الاضحیٰ کے پیش نظر آج جمعرات شام بھٹکل تحصیلدار دفتر میں اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی کی صدارت میں پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلقہ انتظامیہ کے آفسران سمیت مسلم رہنمائوں نے شرکت کی۔
مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ بارش کے پیش نظر اس بار عید کی دوگانہ عیدگاہ کے بجائے تمام جمعہ مساجد میں 10 جولائی کو ادا کی جائے گی۔ انہوں نے تعلقہ انتظامیہ بالخصوص پولس آفسران سے عید کے موقع پر مسلمانوں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے ہیسکام اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ پر زور دیا کہ عید کے موقع پر بالخصوص صبح سویرے بجلی کی کٹوتی نہ ہونے پائے انہوں نے یاد دلا کہ گذشتہ سال عین جب لوگ نماز جانے کی تیاری کررہے تھے، بجلی چلی گئی تھی ، جس پر مسلمانوں نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے عید کی نماز پڑھ کر سیدھے ہیسکام آفس پہنچ گئے تھے اور دفتر کا گھیراو کیا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے بھی ہیسکام حکام کو تاکید کی اس بار اِس طرف خصوصی توجہ دی جائے۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے میونسپل چیف آفسر کو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی قربانی کے موقع پر میونسپالٹی کا اہم رول رہتا ہے، انہوں نے چیف آفسر سے مکمل تعاون کی درخواست کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے کہا کہ بھٹکل کے ہر ناکہ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، اور تقریبا تمام کیمرے کام کررہے ہیں، اس لئے پولس کی پورے شہر میں نظر رہے گی اور ہم تمام شہر کی مکمل نگرانی کریں گے۔ انہوں نے مسلم ذمہ داران سے کہا کہ کہیں پر بھی کوئی واردات ہوتی ہے تو سی سی ٹی و ی کیمروں کی مدد سے شرارت کرنے والوں کے خلاف ہی کاروائی کی جائے گی۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا پر ہم خصوصی نگاہ رکھ رہے ہیں اور کوئی بھی اشتعال انگیز مسیج یا فوٹو سوشیل میڈیا پر پوسٹ ہونے کی صورت میں ہم فوراً ُس کے خلاف کاروائی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی نے کوئی غلط مسیج پوسٹ کرکے اُسے ڈیلیٹ بھی کردیا تو بھی ہم کو معلوم ہوجائے گا، اس لئے سوشیل میڈیا کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے تاکید کی کہ اب پولس پہلے کی طرح نہیں ہے، اب پولس شک کی بنیاد پر نہیں بلکہ پورے ثبوت کے ساتھ صحیح ملزم کے خلاف ہی کاروائی کرے گی۔
تنظیم کی طرف سے محمد صادق مٹّا سمیت جالی پٹن پنچایت کے سابق صدر آدم پنمبور، ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ضلعی جنرل سکریٹری آصف شیخ، محمد اسلم ولکی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے تحصیلدار سومنت، مضافاتی پولس انسپکٹر پرمیشور، پی ایس آئی ہنومنت کُڈگنٹی، سوما، بھرت ودیگر اہلکاربھی موجود تھے۔