ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے حصے میں آئی وزارت؛ ماہی گیری کا قلمدان ملنے کا امکان

بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے حصے میں آئی وزارت؛ ماہی گیری کا قلمدان ملنے کا امکان

Sat, 27 May 2023 10:58:32    S.O. News Service

بھٹکل 27 / مئی (ایس او نیوز) بھٹکل - ہوناور حلقہ سے 30 ہزار سے بھی زائد ووٹوں سے زبردست جیت درج کرنے والے منکال وئیدیا کو ریاستی کابینہ میں بحیثیت وزیر شامل کر لیا گیا ہے اور چونکہ وہ 'موگیر' سماج سے تعلق رکھتے ہیں اور پورے ساحلی علاقہ سے ماہی گیر طبقہ سے اسمبلی میں واحد نمائندہ ہونے کا شرف حاصل ہے اس لئے توقع کی جارہی ہے کہ انہیں وزارت ماہی گیری و بندرگاہ کا قلمدان دیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھٹکل اور ضلع اتر کنڑا کا سب سے قدیم اور بڑا سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے منکال وئیدیا کی جیت کا اعلان ہوتے ہی پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے انہیں ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر بنانے جانے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے کچھ دنوں بعد  ماہی گیر طبقہ کی طرف سے بھی وزیر اعلیٰ اور کانگریس پارٹی پر بھی دباو بنایا جا رہا تھا کہ ماہی گیری اور اس سے متعلقہ مسائل کی پوری طرح جانکاری رکھنے والے منکال وئیدیا کو اس مرتبہ وزیر ماہی گیری و بندرگاہ بنایا جائے۔

اس کے علاوہ شمالی کینرا کے عوام یہ مطالبہ بھی کر رہے تھے کہ اس مرتبہ ضلع سے جو چار اراکین اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ان میں سے آر وی دیشپانڈے کو چھوڑ کر بقیہ تین میں سے منکال وئیدیا کے علاوہ کسی ایک رکن اسمبلی کو وزارت میں شامل کیا جائے ۔

 عام طور پر سمجھا جا رہا تھا کہ دیشپانڈے کو ہی وزارت سونپی جائے گی مگر معلوم ہوا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے دیشپانڈے کو اس طرح کا منصب دینے کی سخت مخالفت کی کیونکہ دیپشانڈے نے پارٹی کی جیت کے لئے ضلع میں کوئی سرگرمی نہیں دکھائی تھی۔ بالآخر ہائی کمانڈ نے دیشپانڈے کو کنارے کرتے ہوئے منکال وئیدیا کو سامنے لانے کا فیصلہ کر لیا ۔

دوسری طرف ایم ایل سی ہری پرساد نے بھی ضلع شمالی کینرا سے وزارت میں شامل ہونے کی آس باندھ رکھی تھی۔ لیکن قسمت نے منکال وئیدیا کا ساتھ دیا اور وہ بازی مار گئے۔ خبر یہ بھی مل رہی ہے کہ ہری پرساد خود کو وزارت میں شامل نہ کیے جانے سے ناراض ہوگئے ہیں اور لیجسلیٹیو کاونسل سے استعفیٰ دینے کے بارے میں سوچنے لگے ہیں۔

 منکال وئیدیا کو وزارت ملنے کے بعد ضلع انچارج وزیر بنائے جانے کے بھی بھرپور امکانات ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو ساحلی علاقے میں ماہی گیر طبقات کے اندر کانگریس پارٹی کے استحکام کا راستہ مزید آسان ہو جائے گا ۔ 


Share: