بھٹکل 25 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے ہیبلے پنچایت حدود کے جامعہ آباد روڈ، حنیف آباد اور دیگر اطراف کے علاقوں کے عوام کو اب جاکر راحت کی سانس لینے کا موقع ملے گا کیونکہ منگل 26 جولائی سے ہیبلے پنچایت کی طرف سے گھر گھر جاکر کچروں کو جمع کرنے کا انتظام کیا گیا ہے اور گھر کے باہر یا راستہ کنارے کچروں کو پھینکنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ہیبلے پنچایت کی طرف سے ہر گھر کے لئے ایک ڈسٹبین دی جارہی ہے اور مکینوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ کچروں کو تین حصوں (سوکھا کچرہ، گیلا کچرہ اور نیپکین، ڈائپرس، پمپرس) میں تقسیم کرکے الگ الگ بیگ میں رکھ کر ڈسٹبین میں جمع کریں۔ ابتدا میں ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن کچروں کو گھروں سے لیا جائے گا، آگے چل کر روزانہ کچروں کو گھروں سے لینے کا انتظام کیا جائے گا۔
بھٹکل تعلقہ پنچایت کے چیف آفسرپربھاکر چیکّامنے نے اس موقع پر بتایا کہ دوسالوں سے علاقہ کے عوام کچروں کے ڈھیر راستوں پر ہونے کو لے کر پریشان تھے اور سڑکوں کے کنارے کچروں کے ڈھیرسے لوگوں کا راستوں پر سے گذرنا مشکل ہوگیا تھا، اب آوٹ سورسنگ کے ذریعے ایک پرائیویٹ کمپنی کو کچروں کو ٹھکانے لگانے کا ٹھیکہ دیا ہے، مگر عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور آئندہ کچروں کو راستہ کنارے نہ پھینکیں۔ ہیبلے پنچایت ڈیولپمنٹ آفسرجینتی نائک نے بتایا کہ کچروں کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ہم نے پرائیویٹ کی کمپنی کو ذمہ داری سونپی ہے جسے ہر ماہ ہمیں 80 ہزار روپیہ ادا کرنے ہیں، یہ رقم ہمیں عوام کے ذریعے ہی جمع کرنے ہوں گے۔ اس مناسبت سے ہم نے ہر گھر سے ماہانہ 80 روپیہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، دکانوں، ہوٹلوں اور شادی ہال کے لئے الگ کرایہ ہوگا۔ جینتی نائک نے عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ ہمیں خبر ملی ہے کہ باہر سے لوگ بھی آکر اپنا کچرہ یہاں کے راستہ کنارے پھینکتے ہیں، اب ہم یہاں کاکچرہ اُٹھائیں گے۔ مگر اس کے بعد اگر کوئی راستہ کنارے کچرہ پھینکتا ہے تو اُس کے خلاف پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا جائے گا۔ جینتی نائک نے کہاکہ علاقوں کو صاف رکھنے کے لئے ہم آئندہ پولس کی مدد لے رہے ہیں، لیکن مقامی عوام کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ کسی کو اپنے علاقہ میں کچرہ پھینکنے کی اجازت نہ دیں اوراگر کوئی کچرہ پھینکتا ہوا پایاجاتا ہے تو ہمیں پنچایت کو یا پھر ذمہ داران کو اس کی اطلاع دیں۔ عوام اگر پنچایت کے ساتھ تعاون کریں توہم ایک دوسرے کے تعاون سے ان علاقوں کو پاک صاف رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔