ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بپرجوئے: راجستھان میں گردابی طوفان کے سبب ریکارڈ بارش، کئی اضلاع میں سیلاب جیسے حالات

بپرجوئے: راجستھان میں گردابی طوفان کے سبب ریکارڈ بارش، کئی اضلاع میں سیلاب جیسے حالات

Wed, 21 Jun 2023 20:04:40    S.O. News Service

جئے پور، 21/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) راجستھان میں بپرجوئے گردابی طوفان کے سبب ریکارڈ بارش درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے افسران کے مطابق بپرجوئے کے سبب راجستھان میں اوسط 28.74 ملی میٹر کے مقابلے 92.09 ملی میٹر بارش ہوئی، جو 220 فیصد سے زیادہ ہے۔ بپرجوئے گردابی طوفان کے سبب ہوئی موسلادھار بارش سے باڑمیر، جودھپور، پالی، سریہی اور جالور ضلعوں میں سیلاب آ گیا۔ علاوہ ازیں اجمیر میں بھی زوردار بارش ریکارڈ کیے جانے کے بعد سیلاب کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔

افسران نے کہا کہ موسلادھار بارش کے بعد کئی ندیوں میں زبردست طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ مجموعی طور پر 19 ضلعوں میں زوردار سے بہت زوردار بارش درج ہوئی ہے۔ محکمہ کے مطابق بدھ کے روز اس بارش میں کمی ضرور دیکھنے کو ملی ہے، لیکن شمالی اضلاع میں کچھ مقامات پر بارش کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔

بتایا جاتا ہے کہ بپرجوئے کے سبب راجستھان میں جولائی تک کی بارش کا کوٹہ ابھی سے پورا ہو چکا ہے۔ محکمہ کا اندازہ ہے کہ اس سال مانسون تاخیر سے آئے گا اور معمول سے کمزور رہے گا۔ لیکن بپرجوئے نے راجستھان میں مغرب سے لے کر مشرق تک کے ضلعوں کو بارش سے شرابور کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گجرات میں گردابی طوفان کی رفتار 150-125 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ یہ گردابی طوفان کَچھ کے علاقے کو پار کر کے راجستھان میں داخل ہوا تو ایک مضبوط دباؤ میں بدل گیا۔ راجستھان میں ذیلی سطح پر گردابی طوفان کو نمی نہیں ملنے کے سبب ذیلی دباؤ کا علاقہ بنتے ہی موسلادھار بارش ہوئی۔


Share: